گوداوری کھنی ایریا ہسپتال کا دورہ ،کورونا وباء کے علاج سے متعلقہ انتظامات کا معائنہ
پداپلی۔ ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے مطلع کیا کہ کورونا وباء پر قابو پانے کیلئے ضلعی سطح پر موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کورونا وباء میں مبتلاء مریضوں کے علاج کیلئے کئے گئے انتظامات کا معائنہ کے تحت بروز جمعہ ضلع کلکٹر نے گوداوری کھنی ایریا ہاسپٹل کا دورہ کیا۔ عوام کو کووڈ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے، سماجی دوری بنائے رکھنے اور ماسک کے استعمال کو ملحوظ رکھنے کی ہدایت دی۔ انھوں نے کہا کہ کورونا ٹیکہ اندازی کے ذریعہ ہی اس مہلک وباء پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ 45 سال مکمل کرنے والے ہر فرد کو کورونا ٹیکہ سے مستفید ہونے کی انھوں نے اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ ضلع میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کو بہتر علاج مہیا کرنے کے لئے تمام درکار انتظامات کئے گئے ہیں۔ اگر کیسوں میں مزید اضافہ ہوگا تب بھی ہر مریض کو لازمی طور پر بہتر علاج مہیا کیا جائے گا۔ گوداوری ایریا ہاسپٹل میں کورونا ٹیکہ اندازی اور کورونا ٹسٹنگ ودیگر امور سے متعلق ضلع کلکٹر نے تفصیلات دریافت کیں۔ حکومت کی جانب سے طئے کردہ اہداف کے مطابق کورونا ٹیکہ اندازی کا عمل مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انھوں نے کہا کہ گوداوری کھنی ایریا ہاسپٹل میں کورونا کے علاج کے لئے 30 آکسیجن والے بستریں دستیاب ہیں۔ مزید 20 بستروں کو آکسیجن کی فراہمی کے لئے انتظامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔انھوں نے کہا کہ ضلع بھر میں گوداوری ایریا ہسپتال ، ٹی بی سلطان آباد ہاسپٹل، سنگرینی ہسپتال میں کورونا علاج مہیا کیا جارہا ہے۔ پداپلی کے بی سی اقامتی مدرسہ میں کووڈ کئیر سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ عوام کو کورونا احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے چوکس رہنے کی ضلع کلکٹر نے اپیل کی۔بعد ازاں گوداوری کھنی کے شمشان گھاٹ ، پنچکل پیٹ کے شمشان گھاٹ ، او۔سی۔سی۔4 لنگا پورپمپ ہاؤس کے قریب تعمیر کردہ شمشان گھاٹ کا ضلع کلکٹر نے معائنہ کیا۔ضلع عہدیدار برائے طب ڈاکٹر پرمود کمار، راماگنڈم میونسپل کمشنر اودئے کمار، ایریا ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ سرینواس ریڈی، متعلقہ عہدیداران وغیرہ اس موقع پر ضلع کلکٹر کے ہمراہ موجود تھے۔