کے ٹی آر بھی دہلی پہنچ گئے، قانونی ماہرین سے مشاورت، سپریم کورٹ میں 24 مارچ کو سماعت
حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) بی آر ایس رکن کونسل کویتا آج شام بیگم پیٹ ایر پورٹ سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ نئی دہلی روانہ ہوئیں۔ کویتا کے ہمراہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ اور رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار بھی نئی دہلی روانہ ہوئے۔ دہلی کے شراب اسکام کی تحقیقات کے سلسلہ میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے کویتا کو کل 20 مارچ کو حاضر ہونے کی نوٹس دی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی نوٹس کے پس منظر میں کویتا کی نئی دہلی روانگی اہمیت کی حامل ہے تاہم یہ بات قطعی طور پر کہی نہیں جاسکتی کہ آیا کویتا کل پوچھ تاچھ کیلئے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے روبرو پیش ہوں گی یا نہیں۔ کویتا نے 11 مارچ کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے عہدیداروں کے سوالات کا سامنا کیا تھا اور تقریباً 9 گھنٹوں تک عہدیداروں نے ان سے پوچھ تاچھ کی۔ انہیں 16 مارچ کو دوبارہ حاضر ہونے کی نوٹس دی گئی لیکن کویتا نے اس دن شخصی طور پر حاضری کے بجائے اپنے وکیل کو روانہ کیا جنہوں نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ پر قواعد کے برخلاف تحقیقاتی عمل اختیار کرنے کی شکایت کی۔ کویتا کے وکیل نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی نوٹس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے لہذا وہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں گی۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے 20 مارچ کو تحقیقات کیلئے پیش ہونے کی تازہ نوٹس جاری کی ہے۔ کویتا کی درخواست پر سپریم کورٹ میں 24 مارچ کو سماعت مقرر ہے۔ ایسے میں ای ڈی نے سپریم کورٹ میں کیویٹ پٹیشن دائر کرتے ہوئے عدالت سے درخواست کی کہ ان کی سماعت کے بغیر کوئی فیصلہ صادر نہ کیا جائے۔ اب جبکہ سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے چار دن باقی ہیں‘ کویتا کی کل 20 مارچ کو ای ڈی عہدیداروں کے روبرو حاضری کے بارے میں اُلجھن برقرار ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نئی دہلی روانگی سے قبل کویتا نے ماہرین قانون سے صلاح مشورہ کیا ہے تاہم کل حاضری کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نئی دہلی پہنچنے کے بعد مقامی وکلاء سے مشاورت کے بعد کوئی موقف اختیار کیا جائے گا۔ کے ٹی آر کی کویتا کے ہمراہ نئی دہلی روانگی اہمیت کی حامل ہے۔ر