کویتا کیس ، ای ڈی کی سپریم کورٹ میں کیویٹ

   

نئی دہلی /19 مارچ (سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے بی آر ایس رکن کونسل کویتا کیس میں سپریم کورٹ میں کیویٹ دائر کی ہے ۔ قبل ازیں کویتا نے اپنی درخواست میں دہلی ایکسائز پالیسی کیس میں اپنے خلاف ایجنسی کے سمن کو چیلنج کیا تھا ۔ مقدمے کا کوئی فریق اس بات کو یقینی بنانے کیویٹ داخل کرتا ہے کہ اس کے موقف کی سماعت کے بغیر کسی طرح کا ناموافق حکم جاری نہ کیا جائے ۔ انہوں نے یہ کہتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے کہ ضابطوں کے مطابق کسی خاتون کو ای ڈی کے سامنے پوچھ تاچھ کیلئے دفتر طلب نہیں کیا جاسکتا اور ان سے پوچھ تاچھ ان کی رہائش گاہ پر کی جانی چاہئے ۔ سپریم کورٹ نے چہارشنبہ کے روز ای ڈی کے سمن کو چیلنج کرنے سے متعلق کویتا کی درخواست کی سماعت کرنے سے اتفاق کیا تھا ۔ ای ڈی نے ان سے کہا تھا کہ وہ دہلی ایکسائز پالیسی کیس میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق منی لانڈرنگ کیس کے معاملے میں جمعرات کو پھر سے پیش ہوں ، لیکن وہ اپنی درخواست سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے حاضر نہیں ہوئی تھیں ۔