حیدرآباد۔24فروری(سیاست نیوز ) کُل ہند صنعتی نمائش کا کل جمعہ 25 فبروری سے دوبارہ آغاز ہونے والا ہے ۔ نمائش کا یکم جنوری کو آغاز ہوا تھا تاہم دوسرے ہی دن اسے 10 کیلئے معطل کردیا گیا تھا تاہم بعد میں اسے منسوخ کردیا گیا تھا کیونکہ کورونا کی وباء اور اومی کرون نے شدت اختیار کرلی تھی ۔ تاہم اب جبکہ کورونا کی تیسری لہر ختم ہوچکی ہے اور حالات بتدریج معمول پر آ رہے ہیں نمائش سوسائیٹی نے پولیس اور دیگر محکمہ جات سے اجازت حاصل کرتے ہوئے نمائش کے دوبارہ آغاز کا فیصلہ کیا ہے ۔ نمائش کو منسوخ کرنے کے وقت جن تاجرین نے اپنی اسٹالس کیلئے جمع کردہ رقومات واپس طلب کی تھیں انہیںواپس کردیا گیا ہے تاہم اب وہ دوکاندار بھی اب یہاں اپنی تجارت کا آغاز کرنے کے خواہاں ہیں۔ نمائش کا یومیہ اہتمام شام 4 بجے سے رات 10.30 بجے تک رہے گا جبکہ ہفتہ اور اتوار کو شام 4 بجے سے رات 11 بجے تک نمائش جاری رہے گی ۔
کل ہند صنعتی نمائش کے آغاز کے موقع پر ٹریفک تحدیدات ، سٹی پولیس کمشنر کے احکامات
حیدرآباد۔/24 فروری، ( سیاست نیوز) 81 ویں کُل ہند صنعتی نمائش کے 25 فروری سے دوبارہ آغاز کے پیش نظر حیدرآباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک تحدیدات عائد کی ہیں۔ کمشنر پولیس کے دفتر سے جاری کئے گئے احکامات کے مطابق ٹریفک تحدیدات 25 فروری تا 31 مارچ شام 4 بجے تا رات دیر گئے نافذ رہیں گی۔ احکامات کے مطابق سدی عنبر بازار اور جامباغ سے اضلاع سے آنے والی آر ٹی سی بسیں ، خانگی بسیں اور دیگر بڑی گاڑیوں کا رُخ ایم جے مارکٹ عابڈز کی سمت کردیا جائے گا جبکہ پولیس کنٹرول روم اور بشیر باغ سے آنے والی بسوں اور بڑی گاڑیوں کو نامپلی کی سمت جانے کی اجازت نہیں رہے گی اور ان کا رُخ اے آر پٹرول پمپ اور بی جے آر مجسمہ کی سمت کردیا جائے گا۔ اسی طرح بڑی اور ہلکی گاڑیاں جو بیگم بازار چھتری سے مالاکنٹہ کی سمت جانے والی گاڑیوں کا رُخ الاسکا جنکشن دارالسلام سے ایکمینار مسجد نامپلی کردیا جائے گا۔ اسی طرح دارالسلام گوشہ محل روڈ سے افضل گنج جانے والی گاڑیوں کا رُخ الاسکا جنکشن بیگم بازار، سٹی کالج، نیا پل کی سمت کردیا جائے گا۔ اسی طرح بڑی اور ہلکی گاڑیاں بشمول آر ٹی سی بسیں جو موسیٰ باؤلی بہادر پورہ سے نامپلی کی سمت آنے والی گاڑیوں کا رُخ سٹی کالج، نیا پل اور ایم جے مارکٹ کی سمت کردیا جائے گا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند نے کُل ہند صنعتی نمائش کے مشاہدہ کیلئے آنے والے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ یعنی آر ٹی سی بس اور میٹرو ریل کا استعمال کریں تاکہ وہ آسانی سے نمائش تک پہنچ سکیں اور واپسی کیلئے بھی انہیں سہولت ہوگی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ڈیوٹی پر تعینات پولیس عہدیداروں کے ساتھ اس سلسلہ میں تعاون کریں۔ ب