کچھ نوپور شرما کے بارے میں …!

   

نئی دہلی : پیغمبر اسلامؐ کی شان میں گستاخی کرنے والی بی جے پی کی خاتون ترجمان نوپور شرما اور نوین جندال کو یوں تو پارٹی نے معطل کردیا ہے اور بعدازاں نوپور شرما نے اپنے گستاخانہ بیان پر غیر مشروط معذرت خواہی بھی کرلی ہے۔ اس تمام واقعہ کے بعد لوگ یہ جاننے کے لیے بے چین ہوگئے ہیں کہ آخر یہ نوپور شرما ہے کون؟ ان کے لنکڈین پروفائل کے مطابق نوپور شرما ایک وکیل اور بی جے پی کی قائد ہیں۔ انہوں نے دہلی یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی ہے جبکہ لندن اسکول آف اکنامکس سے انہوں نے ایل ایل ایم کی تکمیل کی ہے۔ ان کے پروفائل کے مطابق وہ اپنے کالج کے ایام سے ہی سیاست سے وابستہ رہی ہیں اور 2008ء میں انہیں دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کا صدر منتخب کیا گیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے بی جے پی کے یوتھ ونگ کے ساتھ کام کرنا شروع کرلیا۔ نوپور شرما کے گستاخانہ ریمارکس کے بعد کانپور میں پھوٹ پڑنے والے تشدد کے بعد بی جے پی نے نوپور شرما کو پارٹی سے معطل کردیا۔ دوسری طرف خلیجی ممالک کے علاوہ سعودی عرب، قطر، بحرین اور ایران نے بھی حضور اکرم ؐ کی شان میں گستاخی پر ہندوستان کے خلاف اپنا شدید ردعمل ظاہر کیا۔ 2015ء میں نوپور شرما نے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال کے خلاف انتخابات لڑے تھے لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔