کھمم میں اراضی ریکارڈ میں تبدیلی پر عہدیداروں کی طلبی تلنگانہ اقلیتی کمیشن کے اجلاس میں سماعت

   


حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے آج کھمم ضلع میں اراضی کے معاملہ کی خصوصی سماعت کی ۔ سردار امرت سنگھ نے کمیشن میں درخواست دائر کرتے ہوئے شکایت کی کہ پہانی اور اراضی ریکارڈ میں نام تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ یہ اراضی درخواست گزار کی ہے لیکن حکام نے 10 نام شامل کردیئے ہیں۔ سروے نمبر 741 تا 745 موضع پالونچا ضلع کھمم کے تحت 40 ایکر اراضی موجود ہے۔ یہ معاملہ کلکٹر کھمم کے پاس گزشتہ 10 برسوں سے زیر التواء ہے، بعد میں اسے کلکٹر کتہ گوڑم سے رجوع کردیا گیا ۔ کمیشن کی سماعت کے موقع پر ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کتہ گوڑم نے شرکت کی اور وہ اطمینان بخش جواب نہیں دے سکے۔ آر ڈی او کتہ گوڑم اور تحصیلدار پالونچا کو آئندہ سماعت کے موقع پر 22 ڈسمبر کمیشن کے روبرو حاضر رہنے کی ہدایت دی گئی۔