ٹریفک میں خلل ، راہول گاندھی کے دورہ میں رکاوٹ کے خلاف انتباہ
حیدرآباد۔2 ۔ مئی (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی میں راہول گاندھی کے پروگرام کی اجازت کا مطالبہ کرنے والے این ایس یو آئی قائدین کی گرفتاری کے خلاف مہیلا کانگریس کی جانب سے آج گاندھی بھون کے روبرو احتجاج منظم کیا گیا ۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ کی قیادت میں مہیلا کارکنوں کی کثیر تعداد نے چیف منسٹر کے سی آر اور وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے ٹریفک میں خلل پیدا کیا۔ احتجاجی مہیلا کارکن جیسے ہی سڑک پر نکل آئے پولیس نے انہیں گھیر لیا اور آگے بڑھنے سے روک دیا۔ احتجاج کے نتیجہ میں کافی دیر تک ٹریفک میں خلل پڑا اور احتجاجیوں کو منتشر کرنے میں پولیس کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ سنیتا راؤ نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر راہول گاندھی کے دورہ سے خوفزدہ ہیں۔ وہ عثمانیہ یونیورسٹی کی حقیقی صورتحال کے منظر عام پر آنے کے خوف سے راہول گاندھی کو دورہ سے روکنا چاہتے ہیں۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ وائس چانسلر سے نمائندگی کیلئے جانے والے این ایس یو آئی قائدین کے خلاف ناقابل ضمانت دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ذریعہ اپوزیشن کو دبانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور راہول گاندھی بہر صورت عثمانیہ یونیورسٹی کا دورہ کریں گے ۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ کانگریس نے تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے اور اسی پارٹی کے قائد کو یونیورسٹی کے دورہ سے روکا جارہا ہے۔ انہوں نے حکومت کو انتباہ دیا کہ راہول گاندھی کو روکنے کی کوشش کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ سنیتا راؤ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ راہول گاندھی کے دورہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کرنے سے گریز کرے۔ ر