گرمی کی شدت میں اضافہ ، سن اسٹروک سے ایک ہی دن میں 9 افراد کی موت

   

4 اضلاع میں ریڈ الرٹ ، 9 میں آرینج الرٹ ،آئندہ تین دن مزید اضافہ کی پیش قیاسی

حیدرآباد۔ 22 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں دھوپ کی شدت میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ پیر کے ایک ہی دن میں سن اسٹروک سے 9 افراد کی موت ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق اضلاع کھمم، کریم نگر، ناگرکرنول میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے جبکہ متحدہ ضلع عادل آباد میں 3، ورنگل میں 3 اموات ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دن میں گرمی کی لہر مزید بڑھنے کا انتباہ دیتے ہوئے عوام کو احتیاطی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ہے اور بہت ضروری ہونے پر ہی گھروں سے نکلنے ورنہ دھوپ کے وقت گھروں ہی پر رہنے کا بھی مشورہ دیا ہے، بالخصوص شمالی تلنگانہ کے چند اضلاع میں 45 ڈگری سیلسیس تک گرمی پہنچ جانے کی پیش قیاسی کی ہے۔ اضلاع عادل آباد، کمرم بھیم آصف آباد ، نرمل، منچریال کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اسی طرح اضلاع نظام آباد، جگتیال، کاماریڈی، راجنا سرسلہ، کریم نگر، پیداپلی، جئے شنکر گوپال پلی ، میدک، سنگاریڈی کو آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ماباقی اضلاع میں 42 سے 44 ڈگری سیلسیس کے درمیان درجہ حرارت ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ریاست کے دارالحکومت حیدرآباد میں بھی دھوپ کی تمازت 41 تا 42 ڈگری درج ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گرمی سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔ سن اِسٹروک سے بچنے کیلئے دھوپ میں سے گھر پہنچتے ہی زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، چھانچ، کھوپرے کا پانی، لیمو کا پانی کا زیادہ استعمال کریں، ٹھنڈے پانی سے نہائیں، کاٹن کے کپڑے استعمال کریں ، باہر نکلتے وقت چھتری اور کیاپ کا استعمال کریں، مسالہ فوڈس سے گریز کریں۔2