3 امیدواروں کو شاندار رینک، منیجنگ ڈائرکٹر سجنار نے تہنیت پیش کی
حیدرآباد 6 اپریل (سیاست نیوز) گروپ I امتحانات میں آر ٹی سی ملازمین کے بچوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس پر منیجنگ ڈائرکٹر سجنار نے تہنیت پیش کی۔ گروپ I امتحانات میں نارائن پیٹ آر ٹی سی ڈپو سے تعلق رکھنے والے کنڈکٹر سرینواس کی دختر وانی نے 118 واں رینک حاصل کیا۔ آر ٹی سی کے ایک اور ملازم وحید کی دختر فاطمہ نے 126 واں رینک حاصل کیا۔ ونپرتی ڈپو سے تعلق رکھنے والی کنڈکٹر پشپا لتا کے فرزند راگھویندر کو گروپ I میں 143 واں رینک حاصل ہوا۔ آر ٹی سی ملازمین کے بچوں کے بہتر تعلیمی مظاہرہ پر منیجنگ ڈائرکٹر سجنار نے مسرت کا اظہار کیا اور اُنھیں اپنے دفتر مدعو کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔ سجنار نے کہاکہ آر ٹی سی ملازمین اپنے بچوں کی اعلیٰ تعلیم پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ مسابقتی امتحانات اور خاص طور پر گروپ I میں رینک حاصل کرنا نہ صرف اُن کے خاندان بلکہ آر ٹی سی کے لئے بھی قابل فخر ہے۔ سجنار نے کہاکہ آر ٹی سی کے دیگر ملازمین اور اُن کے افراد خاندان کو گروپ I رینک حاصل کرنے والے تینوں نوجوانوں کو اپنے لئے مثال تصور کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ٹی سی ملازمین اور اُن کے بچوں میں مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے کے لئے اُنھوں نے تہنیتی تقریب منعقد کی ہے۔ سجنار نے کہاکہ آر ٹی سی اپنے ملازمین کی بھلائی میں سنجیدہ ہے اور افراد خاندان کی تعلیمی ترقی کے لئے ہرممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی۔1