گروپ I کیلئے اردو میں نصاب کی تیاری اور حیدرآباد میں کوچنگ

   

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کو ترجمہ کی ذمہ داری ،وزیر داخلہ محمد محمود علی کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس، رجسٹریشن کا آج آغاز
سیاست کی خبر کا اثر

حیدرآباد۔16۔ مئی (سیاست نیوز) گروپ I امتحانات کی تیاری کیلئے اقلیتی امیدواروں کو اردو میں مٹیریل کی عدم دستیابی سے متعلق روزنامہ سیاست میں رپورٹ کی اشاعت کے بعد حکومت نے ہنگامی اجلاس طلب کرکے نہ صرف اردو میں مٹیریل تیارکرنے کا فیصلہ کیا بلکہ حیدرآباد میں اردو کیلئے خصوصی کوچنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ روزنامہ سیاست نے دیگر طبقات کے امیدواروں کیلئے انگلش اور تلگو میں امتحانی مٹیریل کی دستیابی اور اردو میں امتحان لکھنے کے خواہشمند اقلیتی امیدواروں کی محرومی اور محکمہ اقلیتی بہبود کی عدم دلچسپی پر 16 مئی کو رپورٹ شائع کی۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا جس میں اردو امتحانات کیلئے حیدرآباد میں خصوصی کوچنگ سنٹر کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ اردو میں امتحانی مواد اور نصاب کی تیاری کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور مواد کے اردو میں ترجمہ کی ذمہ داری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کو دی گئی ۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم ، حکومت کے مشیر اے کے خاں ، سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سید عمر جلیل ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ، شاہنواز قاسم ، سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ ، پروفیسر ایس اے شکور اور صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اسحاق امتیاز نے شرکت کی۔ اجلاس میں اردو مٹریل تیاری کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرکے حکومت کی جانب سے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کو مکتوب روانہ کرنے سے اتفاق کیا گیا تاکہ اردو ترجمہ کیا جاسکے۔ اردو میڈیم امیدواروں کیلئے حیدرآباد میں خصوصی کوچنگ سنٹر قائم کیا جائے گا اور امیدواروں کی تعداد میں اضافہ پر سنٹرس کی برانچس قائم کی جائیں گی ۔ گروپ I امتحانات اردو زبان میں لکھنے کے خواہشمند امیدوار اپنے نام 16 مئی سے میناریٹی اسٹیڈی سرکل گن فاؤنڈری یا اضلاع میں متعلقہ میناریٹی ویلفیر آفیسر کے پاس درج کراسکتے ہیں ۔ 23 مئی تک اندراج کی سہولت ہے ۔ اضلاع میں جاری کوچنگ سنٹر میں لنچ اور دو وقت چائے کی سربراہی کا فیصلہ کیا گیا۔ بی سی ویلفیر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں گروپ I امتحانی نصاب کی تفصیلات حاصل کی جائیں گی اور ماہرین کی قطعیت کے بعد بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اردو میں ترجمہ کا کام انجام دے گا۔ پرنٹنگ کی ذمہ داری محکمہ اقلیتی بہبود کی ہوگی۔ عہدیداروں کا احساس تھا کہ اگر اردو امتحانات کی کوچنگ پر توجہ نہیں دی گئی تو مستقبل میں اردو امتحانات کا انعقاد خطرہ میں پڑسکتا ہے۔ محمد محمود علی نے حکام سے کہا کہ وہ گروپI کے علاوہ گروپ II ، III اور IV کیلئے بھی اردو نصاب کی تیاری انجام دیں اور علحدہ کوچنگ کا انتظام کیا جائے۔ گروپ II اور III اعلامیہ کی اجرائی کے بعد کوچنگ کا آغا ز ہوگا۔ گروپ IV کیلئے بھی علحدہ کوچنگ کا فیصلہ کیا گیا ۔ گروپ I کوچنگ کیلئے سلسلہ میں جن اضلاع میں اقلیتی امیدواروں کی تعداد کم ہے، انہیں بی سی ویلفیر کی کوچنگ سے منسلک کیا جائیگا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے ٹیچرس اہلیتی امتحانات امیدواروں کیلئے اندرون ایک ہفتہ مواد شائع کرنے کا تیقن دیا۔ وزیر داخلہ نے اقلیتی امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ سرکاری ملازمتوں کے حصول کے اس موقع سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام امتحانات اردو میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے ہم چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ر