پارٹی سربراہ کے سی آر نے کے ٹی آر کا دورہ امریکہ ملتوی کردیا، ہریش رائو کو خصوصی ذمہ داری
حیدرآباد : 22 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے گریجویٹ کوٹہ کونسل کے ضمنی انتخاب کو وقار کا مسئلہ بنالیا ہے۔ کے ٹی آر کے امریکہ دورے کو ملتوی کرتے ہوئے انہیں انتخابی مہم میں مصروف کردیا ہے۔ ہریش رائو کو خصوصی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ خود کے سی آر پارٹی کے قائدین بالخصوص پارٹی کے ناراض قائدین کو مناتے ہوئے انہیں انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لیے راغب کررہے ہیں۔ گریجویٹ کوٹہ کونسل کا حلقہ ورنگل، نلگنڈہ اور کھمم پر بی آر ایس کا قبضہ تھا۔ اس کی نمائندگی کرنے والے پی راجیشور ریڈی اسمبلی انتخابات میں اسمبلی حلقہ جنگائوں سے اسمبلی کو منتخب ہوچکے ہیں جس کے بعد وہ کونسل کی نشست سے مستعفی ہوگئے جس کے بعد ضمنی انتخاب منعقد ہورہے ہیں۔ 27 مئی کو رائے دہی مقرر ہے۔ بی آر ایس پارٹی نے راکیش ریڈی کو امیدوار بنالیا ہے۔ ان کی امیدواری پر پارٹی کے کئی قائدین بالخصوص ورنگل ضلع کے بی آر ایس قائدین ناراض ہیں۔ اپنی سیٹنگ نشست پر بی آر ایس کا قبضہ برقرار رکھنے کے لیے بی آر ایس پارٹی ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈینٹ کے ٹی آر امریکہ کے دورے پر روانہ ہونے والے تھے۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے ان کا دورہ امریکہ ملتوی کرتے ہوئے انہیں انتخابی مہم چلانے کی ہدایت دی ہے جس کے بعد کے ٹی آر تینوں اضلاع کے سابق وزراء بی آر ایس کے سابق ارکان اسمبلی اور پارٹی کے دوسرے قائدین کے ساتھ رابطہ اور تال میں پیدا کرتے ہوئے روزانہ پارٹی قائدین کے تئیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طوفانی انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ دوسری جانب ہریش رائو پارٹی کے ناراض قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی ناراضگی کو دور کرتے ہوئے خاموش طریقہ سے انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ اس کے علاوہ جہاں ضرورت ہے وہاں خود کے سی آر پارٹی قائدین سے ٹیلیفون پر بات چیت کررہے ہیں۔ اور چند قائدین کو فارم ہائوز طلب کرتے ہوئے مشاورت کررہے ہیں۔ کانگریس کے امیدوار تین مار ملنا کے خلاف بڑے پیمانے کی تشہیر کرنے ان کے خلاف درج مقدمات کو بڑے پیمانے پر موضوع بحث بناتے ہوئے گریجویٹ کی تائید حاصل کرنے کی پارٹی قائدین کو ہدایت دی گئی ہے۔ 2