واشنگٹن ۔ 17 نومبر (ایجنسیز) امریکی محکمہ محنت نے گرین کارڈ کے حصول کے لیے قواعد مزید سخت کرنے کی تجویز پیش کر دی۔ امریکی محکمہ محنت کا کہنا ہے کہ مجوزہ اصلاحات کے تحت ہنر مند اور زیادہ تنخواہ والی ملازمتوں میں امریکی شہریوں کو غیر ملکیوں پر ترجیح دی جائے گی۔ امریکی محکمہ محنت نے گزشتہ روز آجر کی معاونت سے گرین کارڈ حاصل کرنے کے ضوابط مزید سخت کرنے کے لیے ایک نیا قانون تجویز کیا ہے۔ محکمے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد امریکی شہریوں کے حقوق اور ملازمت کے مواقع کا بہتر تحفظ یقینی بنانا ہے۔ امریکی محکمہ محنت کے مطابق یہ تجویز تقریباً 20 برس میں مستقل لیبر سرٹیفکیشن پروگرام میں ضابطہ جاتی اصلاحات کا پہلا جامع پیکیج ہے۔ مجوزہ ضوابط کے تحت آجروں کو اخبارات میں ملازمت کے اشتہارات دینے کے بجائے آن لائن بھرتی کا طریقہ اختیار کرنا ہو گا، جبکہ ملازمت کے مواقع کے اشتہارات کم از کم 90 تقویمی دنوں تک جاری رکھنا بھی لازمی ہو گا۔ اس کے علاوہ آجروں کو یہ ثابت کرنا ہو گا کہ انہوں نے اہل امریکی کارکنوں کی بھرتی کے لیے سنجیدہ اور نیک نیتی پر مبنی کوششیں کی ہیں۔