گستاخ یتی نرسنگ آنند سرسوتی کے خلاف پولیس نامپلی میں شکایت

   

فوری گرفتاری کا مطالبہ، کانگریس قائدین نے تحریری شکایت کی

حیدرآباد ۔4۔ اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے پولیس اسٹیشن نامپلی میں اترپردیش سے تعلق رکھنے والے گستاخ یتی نرسنگ آنند سرسوتی کے خلاف شکایت درج کی ہے۔ سرسوتی نے گزشتہ دنوں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کی مذموم کوشش کی۔ سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی محمد راشد خاں کی قیادت میں پارٹی قائدین اور مقامی مسلمانوں نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر تحریری شکایت حوالے کی اور پولیس عہدیداروں کو آنند سرسوتی کا متنازعہ بیان ویڈیو کی شکل میں بطور ثبوت پیش کیا۔ شکایت میں پولیس سے درخواست کی گئی کہ سماج میں نفرت اور مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کیلئے سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتاری عمل میں لائی جائے۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی راشد خاں نے کہا کہ یتی نرسنگ آنند سرسوتی کو مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کے جرم میں فوری گرفتار کیا جائے۔ سرسوتی نے سابق میں بھی متنازعہ بیانات کے ذریعہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی صورتحال کو متاثر کرنے کی کوشش کی ۔ راشد خاں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ گستاخ ملعون سرسوتی کے خلاف ہر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا جائے اور حکومت پر دباؤ بنایا جائے کہ فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش سے تعلق رکھنے والا آنند سرسوی بی جے پی حکومت کی سرپرستی میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن حضور کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔ راشد خاں نے کہا کہ اگر ملعون سرسوتی کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تو حکومت کے ذمہ داروں سے نمائندگی کی جائے گی۔ 1