کاماریڈی ۔ 9ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گنیش اتسو کے موقع پر عقیدت مندوں اور عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری پیش نہ آنے کو یقینی بنانے کے لئے میونسپل چیئرپرسن ا وما رانی سرینواس کی صدارت میں میونسپل دفتر میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں گنیش منڈپوں اور گنیش وسرجن کے راستوں پر ضروری انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیئرپرسن نے محکمہ صفائی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ گنیش منڈپوں کے اطراف نالیوں کی صفائی کے ساتھ روزانہ صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں وسرجن کے راستوں پر صفائی، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، پینے کے پانی کی فراہمی، سڑکوں کی مرمت و دیکھ بھال، وسرجن مقامات پر ضروری سہولیات اور گاڑیوں کی دستیابی سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرپرسن نے کہا کہ گنیش وسرجن پروگرام کو پرامن ماحول میں بغیر کسی ناخوشگوار واقعہ کے کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے عہدیدار باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔ اجلاس میں میونسپل وائس چیئرپرسن گوداوری سوامی، کمشنر پروتھالو، سرکل انسپکٹر نرہری، ٹاؤن ایس آئیز، ایم آر او ہما بندو، محکمہ برقی کے عہدیداران، کونسلرس محمد اسحاق شیرو، محمد امجد، چٹّی بابو، مرزا حفظ بیگ، پربھاکر، سرینواس اور میونسپل عملہ کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔