گورنر کوٹہ کے تحت پروفیسر کودانڈا رام اور عامر علی خان کا انتخاب کالعدم ‘ ہائیکورٹ

   

حیدرآباد ۔7۔مارچ۔(سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے گورنر ڈاکٹر ٹی سوندراراجن کی جانب سے گورنر کوٹہ کے تحت نامزد ارکان قانون ساز کونسل پروفیسر کودنڈا رام اور جناب عامر علی خان کے انتخاب کو کالعدم قراردیا۔ چیف جسٹس آلوک ارادھے اور جسٹس جولاکنٹی انیل کمار پر مشتمل بنچ نے بی آر ایس قائدین دوساجو شرون کمار اور کے ستیہ نارائنہ کی رٹ درخواست میں سماعت مکمل ہونے کے بعد آج فیصلہ سنایا اور کہا کہ گورنر عدالت کو جوابدہ نہیں ہیں لیکن گورنر کی جانب سے سابق میں جو ناموں کو مسترد کیا گیا تھا ان پر از سر نو غور کیا جاسکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں بعد ازاں جو ناموں کی سفارش کی گئی ان کو قبول کیا جانا درست نہیں ہے اسی لئے عدالت نے ڈاکٹر شرون دوساجو ‘ کے ستیہ نارائنہ کے علاوہ پروفیسر کودنڈا رام اور جناب عامر علی خان کے احکامات کو بھی کالعدم قرار دیا۔ عدالت کے فیصلہ کے مطابق گورنر کو ریاستی کابینہ کے سفارش کردہ ناموں کو منظوری کا یا ان پر ازسرنو غور کیلئے حکومت کو واپس کرنے کا اختیار ہے ۔ چیف جسٹس آلوک ارادھے نے کہا کہ دونوں احکام کو عدالت نے منسوخ کیا ہے اور گورنر کوٹہ کے تحت نشستوں پر کابینہ سے دوبارہ سفارش کے بعد انتخاب کی راہ ہموار ہوگی۔3