ہر شعبہ میں خواتین امتیازی سلوک کا شکار ، سبیتا اندرا ریڈی

   

خاتون صحافی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائے، دو روزہ ورکشاپ سے وزیرتعلیم کا خطاب

حیدرآباد ۔ 23 اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ کوئی بھی ایسا شعبہ نہیں ہے جہاں خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک نہ ہوتا ہو۔ تاہم اس کا مؤثر طریقہ سے مقابلہ کرتے ہوئے خواتین کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا مشورہ دیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ میڈیا اکیڈیمی کے زیراہتمام بیگم پیٹ ٹورازم پلازہ میں منعقدہ خاتون صحافیوں کے دو روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر خواتین و اطفال بہبود ستیہ وتی راٹھور ریاستی مہیلا کمیشن کی صدرنشین سنیتا لکشماریڈی گورنمنٹ وہپ جی سنیتا اور میڈیا اکیڈیمی کے صدرنشین اے نارائنا بھی موجود تھے۔ وزیرتعلیم نے خاتون صحافیوں کیلئے خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کرنے پر صدرنشین پریس اکیڈیمی سے اظہارتشکر کیا۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ سماج کی نصف آبادی رکھنے والی خواتین تمام شعبوں میں اپنی کارکردگی کے جوہر دکھارہی ہیں۔ صحافت بہت بڑا اہم شعبہ ہے۔ اس میں اپنی صلاحیتوں کو منوانا بہت بڑا کام ہے۔ خواتین صحافی مردوں کے برابر کما رہی ہیں اور اس سے بھی زیادہ دباؤ کا شکار ہورہی ہیں۔ ہر ذمہ داری دیانتداری کے ساتھ بخوبی نبھارہی ہیں۔ جب میں سیاسی میدان میں قدم رکھ چکی تھی وہ بھی کافی دباؤ کا شکار تھی لیکن اس کو چیلنج کے طور پر قبول کیا تھا۔ تلنگانہ کی تحریک میں صحافیوں کا ناقابل فراموش رول رہا ہے۔ دو روزہ ورکشاپ کے دوران تمام خاتون صحافی سینئر صحافیوں کے تجربات سے بہت کچھ سیکھیں اور اپنے مستقبل کو روشن بنانے کیلئے محنت، لگن اور دلچسپی سے کام کریں۔ن