ہمارے میزائل تجربات نے یونان کی نیندیں اڑا دیں:اردغان

   

انقرہ : ترکیہ کے صدر صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ ہمارے میزائل تجربات نے یونان کی نیندیں اڑا دی ہیں۔صدر نے ضلع موعلا کے قصبے فتحیہ میں عوام سے خطاب کے دوران کہا کہ دنیا میں بحرانوں کا غلبہ ہے،وبا اورمسلح محاذ آرائیوں کے ساتھ ساتھ عالمی سیاست اور اقتصادی نظام کی بنیادیں بھی ہل رہی ہیں مگر اس کے باوجود وطن عزیز اس خطرناک صورت حال کے بر عکس اپنے پیروں پرکھڑا ہونے سمیت اہم اہداف تک رسائی بھی حاصل کر رہا ہے،ہماری حکومت آنے سے پہلے ملکی دفاعی صنعت میں مقامی ساختہ مصنوعات کا تناسب بیس فیصد تھا جو کہ اب اسی فیصد تک بڑھ چکا ہے۔ اردغان نے کہا کہ ترکیہ اب اپنے ڈرونز تیار کر رہا ہے جبکہ اس نے اب اپنا پہلا جنگی طیارہ قزل ایلما بھی تیار کرلیا ہے جو کہ ایف سولہ طیاروں میں نصب بموں سے لیس ہونے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے،اس ساری صورت حال پر یونان کی نیندیں اڑ چکی ہیں، ازمیر سے کیے گئے میزائل تجربے سے ان کے اوسان خطاہوچکے ہیں ،میں یونان سے کہتا ہوں کہ اگر وہ اپنا راستہ ٹھیک رکھے تو ہم سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، اس وقت ہمارے میزائل کی مسافت 565 کلومیٹر ہے جسے ایک ہزار کلومیٹر تک پہنچا جائے گا۔