ہمیں علم نہیں تھا کہ اسرائیلی سفیر امریکی فوج کو حکم دیتے ہیں:عراقچی

   

تہران ۔ 20 نومبر (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پر ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کیلئے اسرائیل کی جانب سے ڈالے جانے والے دباؤ کی اطلاعات کے بعد ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واشنگٹن میں اسرائیل کے سفیر یحیئیل لائٹر کے بیانات پر تبصرہ کیا ہے۔عباس عراقچی نے’ ایکس‘ پر اپنے اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں امریکی فوجیوں کی اپنے ملک واپسی صرف ایران کی شکست کے بعد ہونے سے متعلق یحیئیل لائٹر کی بات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ قابض اسرائیل کے سفیر امریکی افواج کو ہدایات جاری کرتے ہیں‘۔انہوں نے لکھا کہ ہمیں یہ علم نہیں تھا کہ واشنگٹن میں اسرائیل کے سفیر امریکی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ہیں۔یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گذشتہ شام نیوز میکس نیٹ ورک پر ایک انٹرویو کے دوران اسرائیلی سفیر نے مہینوں سے مشرق وسطیٰ میں تعینات امریکی فوجیوں کو ان کے خاندانوں کے پاس واپس لانے کے طریقے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ’ایسا ایران کی شکست کے بعد ہی ہوگا‘۔اس کے علاوہ یحیئیل لائٹر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر ضرورت پڑی تو اسرائیل اکیلے ہی تہران کے خلاف فوجی حملے کرنے سے دریغ نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف گذشتہ امریکی اور اسرائیلی فوجی کارروائیوں یعنی جون 2025ء میں مڈنائٹ ہیمر اور 2026ء کے آغاز میں ایپک فیوری نے بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے کہ نظام کے خلاف حتمی کاری ضرب بھی یہی نتیجہ برآمد نہیں کرے گی۔انہوں نے رائے دی کہ تہران کی جانب سے نیوکلیئر ہتھیاروں کے حصول اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے دیگر ہتھیاروں کی تیاری کی مسلسل کوششوں کے سائے میں اب درمیانی اور طویل مدت میں ایرانی نظام کی تبدیلی ہی واحد حل رہ گیا ہے۔ دوسری جانب قابض اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی گذشتہ روز جمعرات کی رپورٹس کے مطابق قابض اسرائیلی وزیر اعظم بنامین نتن یاہو نے اپنی کابینہ کے وزرا کو آگاہ کیا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی پر عمل درآمد اب ناگزیر ہو چکا ہے۔
اس کے برعکس ڈونالڈ ٹرمپ زیادہ محتاط دکھائی دیے کیونکہ انہوں نے اس سمت میں اسرائیلی دباؤ کے باوجود اشارہ دیا کہ وہ رواں سال کے اختتام سے قبل ایران پر نئے حملے کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرنے کی جلدی میں نہیں ہیں۔واضح رہے کہ امریکہ نے گذشتہ عرصے کے دوران قشم پر کیے گئے چند محدود حملوں کے باوجود جنگ کے دوبارہ چھڑنے کے امکان کو مسترد کیا تھا اور آبنائے ہرمز میں ایرانی تیل بردار جہازوں پر عائد بحری محاصرے کے تسلسل کے ساتھ ساتھ تہران پر اقتصادی پابندیاں سخت کرنے کو ترجیح دی ہے۔