ہندوستان کو درجہ بندی میں نقصان،فائنل کی راہ مشکل

   


چینائی ٹسٹ میں شکست کے بعدکوہلی کی ٹیم پہلے سے چوتھے مقام پرپہنچ گئی

دبئی : انگلینڈ کے خلاف چینائی ٹسٹ میں 227 رنز کی شکست کے بعد جہاں ہندوستانی ٹیم کو آئی سی سی کی درجہ بندی میں نقصان برداشت کرنا پڑا ہے وہیں انگلینڈ نے آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں رسائی کے امکانات کو مزید مستحکم کرلیا ہے۔ پہلے ٹسٹ میں کامیابی کیلئے 420 رنز کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم 192 رنز پر ڈھیر ہوگئی حالانکہ کوہلی نے اس مقابلہ میں 104 گیندوں کی اننگز میں 72 رنز اسکور کئے۔ آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے ہی رسائی حاصل کرلی ہے کیونکہ اس کی فتوحات کا فیصد 70 ہے۔ چینائی ٹسٹ میں کامیابی کے بعد انگلینڈ کو فتوحات کے اوسط کے اعتبار سے 70.2 فیصد نشانات حاصل ہوچکے ہیں اور وہ پہلے مقام پر پہنچ چکی ہے جس کی وجہ سے فائنل میں اس کی رسائی کے امکانات مزید روشن ہوچکے ہیں۔ 3-1,3-0 یا 4-0 کی کامیابی کے ذریعہ انگلینڈ فائنل میں رسائی حاصل کرسکتی ہے۔ دوسری جانب ہندوستانی ٹیم جس نے آسٹریلیا میں گذشتہ ماہ تاریخی کامیابی حاصل کی تھی، جس سے اسے چمپئن شپ میں پہلا مقام حاصل ہوا تھا لیکن اب 68.3 فیصد فتوحات کے ذریعہ وہ چوتھے مقام پر پہنچ چکی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو رواں سیریز کے ماباقی تین مقابلوں میں کم از کم دو مقابلوں میں کامیابی اور ایک مقابلہ ڈرا کرنا پڑے گا یا پھر 3-1 کی کامیابی کے ذریعہ وہ فائنل میں رسائی حاصل کرسکتا ہے۔ آسٹریلیا کو فائنل میں رسائی کا موقع اس وقت مل سکتا ہے اگر ہند۔ انگلینڈ سیریز ڈرا ہوتی ہے یا پھر انگلینڈ سیریز میں 1-0,2-0 یا 2-1 کی کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان جس نے جنوبی افریقہ کے خلاف 2-0 کی کامیابی حاصل کی ہے اس کی وجہ سے فتوحات کا فیصد 43.3 ہوا ہے اور وہ پانچویں مقام پر فائز ہے جبکہ 30.0 فیصد فتوحات کے ذریعہ جنوبی افریقہ چھٹے، 23.8 فیصد فتوحات کے ذریعہ، ویسٹ انڈیز ساتویں مقام پر موجود ہے۔ دریں اثناء بنگلہ دیش کو ٹسٹ مقابلوں میں کامیابی کا پہلا نشان حاصل کرنا ہنوز باقی ہے۔