ہندوستان کی اعلیٰ کاروباری فیڈریشن سعودیہ میں دفتر کھولے گی

   

ریاض: ہندوستان کی اعلیٰ کاروباری فیڈریشن سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں دفتر کھولنے کی تیاری کر رہی ہے۔یہ اقدام ادارے کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ کے بعد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد سعودی عرب کے میگا پراجیکٹس میں پیش کیے جانے والے کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانا ہے۔انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری انڈیا کی سب سے بڑی اور پرانی کاروباری اسوسی ایشن ہے۔ اس کی جانب سے سعودی عرب کے دورے کا انتظام کیا گیا جس میں پہلی بار ملک کی ٹاپ کمپنیز کے سی ای اوز اور حکومتی حکام نے ریاض کا دورہ کیا۔18 فروری سے 21 فروری تک جاری رہنے والے اس دورہ میں وفد نے تبوک میں نیوم کا دورہ بھی کیا۔یہ دورہ پچھلے سال انڈیا کی صدارت میں ہونے والے جی20 اجلاس کے تناظر میں سعودی عرب اور انڈیا کے تعلقات بہتر بنانے کیلئے تھا۔ جس کے بعد سعودی ولیعہد پرنس محمد بن سلمان نے انڈیا کا سرکاری دورہ کیا تھا اور سعودی انڈیا بزنس فورم کے حکام نے بھی دورہ کیا تھا۔اس فورم کے دوران سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح اور ان کے انڈین ہم منصب نے دونوں ممالک میں چیمبر آف کامرس کے دفاتر کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔