پورٹ آف اسپین؍ نئی دہلی۔ 5 جولائی (یو این آئی) ہندوستان اور ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو نے آب و ہوا کی تبدیلی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور سائبر سیکورٹی کے میدان میں عصری چیلنجوں سے مشترکہ طور پر نمٹنے اور ہند۔کیریکوم شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے لیے تعاون میں اضافہ پر اتفاق کیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو کے دورے کے دوران جمعہ کی دیر رات وزیر اعظم کملا پرساد-بسیسر کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کے بعد یہ بات کہی۔ ان کی بات چیت کے بعد، دونوں ممالک کے درمیان فارما، توانائی، ثقافت اور کھیل وغیرہ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے چھ معاہدوں پر دستخط کیے گئے ۔ بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے ہر قسم کی دہشت گردی سے لڑنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو کی طرف سے ہندوستانی عوام کو دی گئی مضبوط حمایت اور یکجہتی کی تعریف کی۔ بعد میں ایک بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقوں نے گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ یکجہتی کے لیے مل کر کام کرنے اور ہندوستان۔ کیریکوم شراکت داری کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔