ہندوستان 5 ٹریلین ڈالرس کی معیشت بنے گا

   

ورنگل میں آزادی کا امرت مہوتسو : گورنر سوندرا راجن کا خطاب
حیدرآباد۔ ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹکی سوندرا راجن نے آج کہا کہ ملک 2025 تک پانچ ٹریلین ڈالرس کی معیشت بن جائیگا اور ملک کے عوام کی خواہشات کو پورا کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 75 برس میں آزاد ہندوستان نے تمام شعبوں میں مثالی ترقی کی ہے ۔ ریاستی گورنر ہنمکنڈہ میں پولیس گراونڈ پر آزادی کا امرت مہوتسو کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کر رہی تھیں۔ یہاں انہوں نے قومی پرچم بھی لہرایا ۔ انہوں نے کہا کہ اب 130 کروڑ کی آبادی والا ہندوستان ایک طاقتور قوم کے طور پر ابھرنے کی صلاحیتوں کو منورہا ہے ۔ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی اور بہترین جمہوریت کے طور پر ابھر رہا ہے ۔ دستور میں وفاقی ڈھانچہ کو پیش کیا گیا ہے جس میں مرکز اور ریاستوں میں اختیارات تقسیم کردئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم میں سے کسی کو ملک کی آزادی کیلئے جان دینے کا موقع نہیں ملا ہے لیکن ہم کو ملک کی ترقی کیلئے زندہ رہنے کا موقع ضرور ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کا امرت مہوتسو مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یاد کرنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہے ۔ وہ آزاد ہندوستان کے تاریخی دور کا تلنگانہ کی سرزمین سے مشاہدہ کرنے پر فخر محسوس کرتی ہیں۔ موجودہ ہندوستان کی ترقی میں تلنگانہ کی ایک بڑی شراکت داری ہے ۔ گذشتہ ساڑھے سات دہوں میں ہندوستان نے زندگی کے تقریبا ہر شعبہ میں مثالی ترقی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے دور میں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک بھی جدوجہد کرنے پر مجبور ہوگئے تھے اور ایسے میں ہندوستان نے نہ صرف اس پر قابو پالیا بلکہ دنیا کو ایک نئی سمت بھی دکھا رہا ہے ۔