ہنگری کے وزیر اعظم پر موبائل فون کی چوری کا الزام

   

بڈاپسٹ ۔ 29 ستمبر (ایجنسیز) ہنگری کے پارلیمنٹ نے آج بروز پیر وزیراعظم پیٹر مادیار کے خلاف موبائل فون چوری کے الزام کے پس منظر میں ان کی استثنائی حیثیت ختم کر دی۔پارلیمنٹ نے استثنائی حیثیت ختم کرنے سے متعلق استغاثہ کی درخواست کے حق میں بھاری اکثریت سے ووٹ دیا۔ اس فیصلے کی حمایت 139 ارکان نے کی جبکہ کوئی بھی مخالفت یا رائے دہی سے گریز نہیں کیا گیا۔خود ماد?ار نے اپنی استثنائی حیثیت ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کا موقف تھا کہ وہ اس چیز سے خود کو بری کرنے کے مقصد سے تحقیقات کے ساتھ تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں جسے انہوں نے کردار کشی قرار دیا۔ انھوں نے اس مقدمے کو ایک تماشا قرار دیتے ہوئے اپنے حریفوں پر انہیں سیاسی طور پر نشانہ بنانے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا۔یہ مقدمہ سال 2024 سے تعلق رکھتا ہے جب استغاثہ نے مادیار پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے ایک نائٹ کلب کے اندر ان کی تصویر لینے والے ایک شخص سے موبائل فون چھین لیا اور پھر فون کو دریاے ڈینیوب میں پھینک دیا۔مادیار اس وقت یورپی پارلیمنٹ کے رکن تھے، جس نے ان کی استثنائی حیثیت ختم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
بعد ازاں انہوں نے اپنی رکنیت چھوڑ دی اور اپریل 2026 میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں ان کی جماعت تیسا کی شان دار فتح کے نتیجے میں ہنگری کی پارلیمنٹ میں رکن بن گئے۔مادیار کی استثنائی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد ان سے بطور ملزم تفتیش کرنا اور اس مقدمے میں انہیں عدالت میں پیش کرنا ممکن ہو گیا۔