یشونت سنہا کی امیدواری کو تلنگانہ کے کانگریس ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کی تائید

   

ریونت ریڈی کی قیادت میں پرچہ نامزدگی پر دستخط
حیدرآباد۔/22 جون، ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ کے عہدہ کیلئے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یشونت سنہا کی امیدواری کی تلنگانہ سے تائید حاصل کی گئی ہے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال سے قبل تلنگانہ کے ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کو دہلی طلب کرتے ہوئے ان کے دستخط حاصل کئے گئے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ کے عوامی نمائندوں نے یشونت سنہا کی تائید کرتے ہوئے پرچہ نامزدگی کے حق میں دستخط کئے۔ ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے علاوہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا ، ارکان اسمبلی سریدھر بابو، سیتکا نے بھی یشونت سنہا کی تائید کرتے ہوئے فارم پر دستخط کئے۔ ریونت ریڈی نے اے آئی سی سی دفتر میں کانگریس قائدین کے اجلاس میں شرکت کی جس سے راہول گاندھی نے خطاب کیا۔ ریونت ریڈی نے راہول گاندھی اور اے آئی سی سی کے دیگر قائدین کو بتایا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو نوٹس کی اجرائی کے خلاف تلنگانہ کے عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے اور عوام کانگریس پارٹی کے ساتھ ہیں۔ راہول گاندھی نے ملک بھر کے عوام کی جانب سے تائید پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ایک خاندان کی طرح ہے اور عوام نے بی جے پی حکومت کی انتقامی کارروائیوں کو ناکام بنانے کا عہد کرلیا ہے۔ر