ووٹ چوری کی راس لیلاکے عنوان سے نکڑ ناٹک کی پیشکشی
نئی دہلی، 19 اکتوبر (یو این آئی) یوتھ کانگریس نے پیر کو چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے ان کا ‘راون نما’ پتلا نذرِ آتش کیا اور ایس آئی آرکی مخالفت میں ‘ووٹ چوری کی راس لیلا’ کے عنوان سے نکڑ ناٹک پیش کیا۔ یوتھ کانگریس کے قومی ترجمان ورون پانڈے نے بتایا کہ مظاہرہ میں نوجوان کارکنوں نے الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری، ساکھ اور جواب دہی پر سوال کرکے کہا کہ انتخابی عمل میں شفافیت یقینی بنانا اور ووٹروں کا اعتماد بحال کرنا جمہوریت کیلئے ضروری ہے ۔ تنظیم نے چیف الیکشن کمشنر سے انتخابی عمل سے متعلق سوالات کے جواب دینے اور اخلاقی ذمہ داری قبول کرکے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔ تنظیم کے صدر ادے بھانو چِب نے اس موقع پر کہا کہ ملک کے نوجوان انتخابی نظام کی ساکھ پر اٹھنے والے سوالات پر خاموش نہیں رہیں گے ۔ الیکشن کمیشن کو عوام کے تئیں جواب دہ ہونا ہوگا اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو اخلاقی ذمہ داری قبول کرکے استعفیٰ دینا پڑے گا۔ مسٹر چِب نے کہا کہ جمہوریت صرف انتخابات کرانے تک محدود نہیں ہے ، بلکہ ہر ووٹ کا احترام کرنا اور ہر شہری کے عوامی فیصلے کی حفاظت کرنا بھی ضروری ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انتخابی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں تو الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ واضح جواب دے اور غیر جانب داری کے اعلیٰ ترین معیاروں پر عمل کرے ۔