چیف منسٹر مہمان خصوصی، جناب زاہد علی خاں کے علاوہ 4 ممتاز شخصیتوں کو مولانا آزاد قومی ایوارڈ
حیدرآباد۔/10 نومبر، ( سیاست نیوز) ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش کو تلنگانہ حکومت کل 11 نومبر کو ’’یوم قومی تعلیم و یوم اقلیتی بہبود‘‘ کے طور پر منارہی ہے۔ حیدرآباد کے رویندرا بھارتی آڈیٹوریم میں 11:30 بجے دن تقریب منعقد ہوگی جس کا اہتمام تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی اور اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزراء اور عوامی نمائندے تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر اقلیتوں کی تعلیمی، سماجی اور ملی خدمات پر نمائندہ شخصیتوں کو مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ پیش کئے جائیں گے۔ اس باوقار ایوارڈزکیلئے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں، سابق وزیر جناب سید آصف پاشاہ، محترمہ لکشمی دیوی راج، سینئر ایڈوکیٹ جناب غلام یزدانی اور جناب امین الحسن جعفری کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی یہ ایوارڈز پیش کریں گے۔ 2019 سے 2023 تک پانچ برسوں کے قومی ایوارڈز دیئے جائیں گے۔ تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے مخدوم ایوارڈ برائے 2024 کیلئے تحقیق و تنقید کے زمرہ میں پروفیسر نسیم الدین فریس کو مخدوم ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔ اکیڈیمی کی جانب سے 2021 تا 2023 سات مختلف زمرہ جات میں نمایاں خدمات پر 21 شخصیتوں کو کارنامہ حیات ایوارڈز پیش کئے جائیں گے۔ شاعری کے زمرہ میں انجنی کمار گوئل، طیب پاشاہ قادری، معین الدین امر بمبو، افسر عثمانی، ایلزیبتھ کورین اور اطیب اعجاز کا انتخاب عمل میں آیا۔ فکشن کے زمرہ میں ثریا جبین، حمید عادل اور محمد عبدالقدوس رضوان، تحقیق و تنقید کے زمرہ میں ڈاکٹر اطہر سلطانہ، ڈاکٹر ایم اے قدیر اور ڈاکٹر محمد عبدالقوی کا انتخاب کیا گیا۔ تعلیم کے زمرہ میں جعفر جری، چاند بی بی اور محمد محبوب، فروغ اردو کے زمرہ میں شیخ احمد ضیاء ، محمد رفیع الدین فاروقی اور رفیعہ نوشین، صحافت کے زمرہ میں احمد علی خاں، محمد جاوید علی اور رفیق شاہی کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ کارنامہ حیات کے تحت شاعری میں امجد حیدرآبادی اور سعید شہید، فکشن میں آغا حیدر حسن، تحقیق و تنقید میں پروفیسر حبیب الرحمن، فروغ اردو میں سرینواس لاہوٹی اور صحافت کے زمرہ میں محبوب حسین جگر ایوارڈز دیئے جائیں گے۔1