ممبئی۔یکم اکتوبر ۔( یو این آئی ) ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے گورنر سنجے ملہوترا نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ یونائیفائیڈ پیمنٹ انٹرفیس (یو پی آئی) کے ذریعے لین دین پر فی الحال فیس لگانے کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ایک پریس کانفرنس میں اس بارے میں پوچھے گئے سوال پر سنجے ملہوترا نے کہا کہ فی الحال آر بی آئی کی جانب سے یو پی آئی لین دین پر فیس لگانے کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔قرض پر اسمارٹ فون خریدنے کے بعد قسط نہ بھرنے کی صورت میں بینک کو فون لاک کرنے کے اختیار کے بارے میں پوچھے جانے پر آر بی آئی گورنر نے کہا کہ یہ ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے ۔ اس میں یہ دیکھا جا رہا ہے کہ صارفین کے حقوق کا بھی تحفظ ہو اور ان کا ذاتی ڈیٹا بھی محفوظ رہے ۔ دھوکہ دہی روکنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ تجربے کے طور پر ایک سافٹ ویئر تیار کیا جا رہا ہے ، جس میں صارفین کو پہلے ہی پتہ چل جائے گا کہ یہ لین دین فراڈ ہو سکتا ہے ۔