نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو سے امیدواروں کی نمائندگی
حیدرآباد۔/23 اپریل، ( پریس نوٹ ) یونین پبلک سرویس کمیشن بورڈ کو ڈی سنٹرلائیزڈ کرتے ہوئے ملک گیر سطح پر یو پی ایس سی انٹرویوز کیلئے چار سنٹرس قائم کرنے کیلئے نائب صدر جمہوریہ ہند وینکیا نائیڈو سے نمائندگی کی گئی۔ اس سلسلہ میں نائب صدر جمہوریہ سے یونیورسٹی آف حیدرآباد کے پی ایچ ڈی اسکالر و چیرمین آل انڈیا یو پی ایس سی ایسپیرنٹ جے اے سی نے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کرکے ایک یادداشت پیش کیا۔ اس موقع پر جے اے سی چیرمین نے بتایا کہ ہائیر سیول سرویسس اور دیگر بڑے عہدوں پر تقررات کیلئے یو پی ایس سی کے ذریعہ تقررات عمل میں لائے جاتے ہیں جس کیلئے تحریری امتحان میں اہل پانے والے میرٹ امیدواروں کو انٹرویوز کیلئے طلب کیا جاتا ہے تاہم انٹرویوز والے مقامات دوردراز مقامات پر قائم رہنے سے امیدواروں بالخصوص غریب اور متوسط طبقہ کے امیدوار خرچ برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہیں لہذا ساوتھ ، نارتھ، ایسٹ میں چار مراکز قائم کریں تو امیدواروں کو سہولت ہوگی۔ اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ نے کمیشن سے بات چیت کرکے کوئی حل نکالنے اور مراکز میں اضافہ کیلئے مساعی کرنے کا تیقن دیا۔