آئل ٹینکر سے خارج ہونے والاتیل خشکی تک پہنچ گیا

   

مسقط۔ 12 اگست (ایجنسیز) عمان کے ساحل کے قریب پھنسے ہوئے ایک بڑے آئل ٹینکر سے خارج ہونے والا تیل سمندر سے آگے بڑھتے ہوئے عمان کی خشکی تک پہنچنے لگا ہے، جس پر ماحولیاتی آلودگی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اقوام متحدہ کے بحری ادارے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن نے بتایا ہے کہ روس سے ایشیا جانے والے تیل سے لدا ٹینکر کیرولین بیزینگی عمان کے ساحل کے قریب پھنس گیا تھا، جس سے بڑی مقدار میں تیل سمندر میں رسنے لگی۔آئی ایم او کے ترجمان کے مطابق سمندر میں پھیلنے والا تیل عمان کے القبلیہ جزیرے کے شمال مشرقی ساحلی علاقے کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ کچھ تیل عمان کی سرزمین تک پہنچنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ حکام نے بتایا کہ تیل کے اخراج سے نمٹنے کیلئے ہنگامی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ ماحولیاتی ماہرین کے مطابق اگر تیل کا پھیلاؤ مزید بڑھا تو سمندری حیات، ساحلی علاقوں اور ماہی گیری کی سرگرمیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔آئی ایم او کے مطابق کیرولین بیزینگی ٹینکر 30 جون کو عمان کے ساحل کے قریب پھنس گیا تھا۔
حادثہ کے وقت جہاز میں روس سے ایشیا منتقل کیا جانے والا تقریباً 8 لاکھ بیرل خام تیل موجود تھا۔یہ ٹینکر عمان کے ماہی گیری کے گاؤں شربیتات سے تقریباً 22 بحری میل کے فاصلے پر موجود ہے۔