آئمہ و مؤذنین معاشرہ کے اعلیٰ ترین رہنما، ان کا احترام لازم

   

ان کی مالی مدد ایک اچھا قدم، راشن تقسیم سے کے مانک راؤ و دیگر کا خطاب

ظہیرآباد۔/7مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن قانون ساز اسمبلی کے مانک راؤ اور رکن قانون ساز کونسل محمد فرید الدین کے ہاتھوں کل شام یہاں اسلامک سنٹر کے کانفرنس ہال میں شہر ظہیرآباد کے آئمہ و مؤذنین کرام میں رمضان راشن کٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے ظہیرآباد کے مانک راؤ نے کہاکہ آئمہ و مؤذنین کرام ، معاشرہ کے بہت اعلیٰ رہنما ہوتے ہیں اور لوگ ان کا احترام کرتے ہیں۔ ان کی اس لاک ڈاؤن کی دورانیہ میں مالی مدد ایک اچھا اقدام ہے۔ حکومت تلنگانہ بھی راحت کے کام بخوبی انجام دے رہی ہے۔ مہمان خصوصی محمد فرید الدین ایم ایل سی نے بھی خطاب کرتے ہوئے یاددلایا کہ ریاستی حکومت آئمہ و موذنین کرام کو بھی مشاہرے ادا کرتی ہے ۔ یہ سارے ملک میں تلنگانہ حکومت کی قابل ستائش اسکیم ہے۔ انہوں نے آئمہ و مؤذنین میں راشن کٹس کی تقسیم پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وبائی قہر کورونا وائر س سے بچاؤ کیلئے کی جانے والی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی عوام سے اپیل کی۔ انہوں نے 150 آئمہ و مؤذنین کرام میں راشن کٹس تقسیم کئے جانے کا انکشاف کرتے ہوئے اس کار خیر کو انجام دینے پر ٹی آر ایس لیڈرس شیخ فرید رکن ڈیویژنل ریلوے یوزرس کنسلٹیو کمیٹی ،سید محی الدین کی ستائش کی۔ اس پروگرام کا آغاز حافظ محمد رفیع الدین حسامی کی تلاوت و ترجمانی سے ہوا۔ امیر مقامی جماعت اسلامی ہند محمد ناظم الدین غوری نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا جبکہ سید افسر پاشاہ قادری خطیب و امام مسجد وطن باغ اور محمد عبدالمجیب قاسمی خطیب وامام جامع مسجد نے اس کار خیر کی ستائش کی۔ اس موقع پر ایم شیو کمار، اوما کانت پاٹل، ایم جی راملو، محمد تنظیم، محمد جہانگیر قریشی، محمد ایوب احمد اور دیگر کے بشمول آر ڈی او رمیش بابو موجود تھے