آئندہ تعلیمی سال سے تمام سرکاری اسکولوں میں انگلش میڈیم تعلیم کا آغاز: کے سی آر

   

میں نے بھی سرکاری اسکول میں تعلیم پائی ، 26 ہزار اسکولوں کی ترقی کا منصوبہ، ونپرتی میں ’ میرا گاؤں میرا اسکول ‘ پروگرام کا آغاز
حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ آئندہ تعلیمی سال سے تمام سرکاری اسکولوں میں انگلش میڈیم ذریعہ تعلیم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ ریاست گیر سطح پر سرکاری اسکولوں کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے شروع کردہ ’’ میرا گاؤں میرا اسکول ‘‘ مہم کا چیف منسٹر نے آج ونپرتی ضلع میں آغاز کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیم اور دیگر سہولتوں کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ونپرتی سے اس مہم کے آغاز پر انہیں کافی خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اساتذہ نے سرکاری اسکولوں میں بہتر تعلیم فراہم کی جس کے نتیجہ میں ہم نے متعلقہ شعبہ جات میں بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں فراہم کی جارہی سہولتوں کا بہتر استعمال کرتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے سرکاری تعلیمی اداروں کو مثالی اسکولوں میں تبدیل کرنے کیلئے اساتذہ کے ساتھ ساتھ عوام کے رول کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آج آپ کے سامنے اس عہدہ پر میری موجودگی اور آپ کے سامنے کھڑا ہونا دراصل سرکاری اسکولوں کی تعلیم کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اسکولوں میں طلبہ کی ضروریات کی تکمیل پر توجہ دی جارہی ہے اور بہتر تعلیم کیلئے آئندہ تعلیمی سال سے انگلش میڈیم متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے تابناک مستقبل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ونپرتی کے ضلع پریشد ہائی اسکول میں منعقدہ تقریب میں ’ میرا گاؤں میرا اسکول ‘ مہم کا آغاز کیا۔ ریاستی وزراء سبیتا اندرا ریڈی، نرنجن ریڈی، سرینواس گوڑ، چیف سکریٹری سومیش کمار، عوامی نمائندے اور اعلیٰ عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ اسکیم کے تحت حکومت 26000 سرکاری اسکولوں کو 3 مراحل میں ترقی دینے کا منصوبہ رکھتی ہے جس پر 7289.54 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلہ میں 9123 اسکولوں کو 12 مختلف سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا جس پر 3497.62 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ محکمہ تعلیم جون کے اختتام تک پہلے مرحلہ کی تکمیل کا نشانہ مقرر کرچکا ہے۔ چیف منسٹر نے ونپرتی میں آمد کے بعد چٹیال میں زرعی مارکٹ یارڈ کا افتتاح کیا۔ کسانوں کو فصلوں کی فروخت میں سہولت ہوگی۔ 40 ایکر پر 44.5 کروڑ کے مصارف سے مارکٹ یارڈ تعمیر کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے ناگاورم میں ٹی آر ایس پارٹی آفس کا افتتاح کیا۔ کے سی آر نے میڈیکل کالج کے قیام کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔ر