آئندہ تین یوم شدید گرمی ، محکمہ موسمیات کا انتباہ

   

آئندہ ہفتہ درجہ حرارت میں کمی کا امکان ،عوام کو دھوپ میں نکلنے سے احتیاط کا مشورہ

حیدرآباد۔5۔ اپریل (سیاست نیوز) ریاست میں 7 اپریل تک گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جاتا رہے گا جبکہ 7اپریل کے بعد تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع مٹیں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے نیچے آجائے گا۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے آئندہ تین یوم کے لئے انتباہ جاری کرتے ہوئے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ 7اپریل تک بلا ضرورت شدید دن میں 10 بجے تا شام 4:30 بجے کے دوران گھروں سے نہ نکلیں۔ ریاست تلنگانہ میں گذشتہ ایک ہفتہ سے جاری شدید گرمی سے راحت کا سلسلہ آئندہ ہفتہ سے شروع ہوگا اور جاریہ ماہ کے اواخر تک درجہ حرار ت میں کسی قسم کے اضافہ کے آثار نہیں ہیں اور نہ ہی گرمی کی شدت میں اضافہ کے امکانات پائے جاتے ہیں۔ خانگی ماہرین موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی میں کہا گیا ہے کہ 7 اپریل تک تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت 40ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرچکا ہے اور گذشتہ ایک ہفتہ سے کئی اضلاع میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے لیکن آئندہ دو دن کے بعد سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکاڈر کی جائے گی۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ میں ریاست کے عوام کو شدید دھوپ میں نکلنے سے اجتناب کرنے کا مشورہ دینے کے علاوہ کہا جا رہاہے کہ وہ شدید ضرورت کے بغیر گھروں سے نہ نکلیں۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق 7 اپریل کے بعد سے ریاست میں گرمی کی لہر میں کمی کے بعد درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی اور یہ سلسلہ ختم اپریل تک جاری رہے گا۔3