آئندہ دنوں میں شدید موسم گرما کی پیش قیاسی ، آرنج الرٹ

   

حیدرآباد۔11۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) ریاست کے بیشتر اضلاع میں آئندہ دنوں کے دوران شدید موسم گرما کی پیش قیاسی اور درجہ حرارت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے پیش نظر تلنگانہ کے زائد از 15 اضلاع کے لئے محکمہ موسمیات نے آرینج الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو سخت دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی پیش قیاسی میں درجہ حرارت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے پیش نظر جاری کئے گئے آرینج الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شہری آئندہ 15یوم کے دوران دوپہر کے اوقات میں گھروں سے نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی کے استعمال کے علاوہ تازہ پھلوں کے مشروبات کے استعمال کے ذریعہ خود کو تر و تازہ رکھنے کی کوشش کریں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آرینج الرٹ کی اجرائی کے بعد محکمہ صحت کے عہدیداروں نے تمام سرکاری دواخانوں میں خدمات انجام دینے والے عملہ کو اس بات کا پابند بنایا ہے کہ اگر کوئی لو لگنے کے متاثر کو دواخانہ سے رجوع کیا جاتا ہے تو اسے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ موسم گرما کی شدت سے محفوظ رہنے کے لئے الکٹرال کے استعمال کے علاوہ دھوپ میں گھر سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا جا رہاہے کیونکہ سخت دھوپ کے اوقات میں لو لگنے کے خطرات میں اضافہ ہونے لگتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے شمالی و مشرقی اضلاع میں آئندہ دنوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرسکتا ہے جبکہ کئی اضلاع میں درجہ حرارت 47 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرنے کا خدشہ ہے۔ ماہر اطباء نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ موسم گرما کے دوران ٹھنڈی اشیاء کے استعمال اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کرتے ہوئے خود کو صحتمند رکھیں کیونکہ گرمی کی شدت کے نتیجہ میں جسم سے پانی کے اخراج کے سبب لو لگنے کے واقعات رونما ہوتے ہیں اور اس کے نتیجہ میں اعضائے رئیسہ متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے اسی لئے ممکنہ حد تک پانی کے استعمال میں اضافہ کرنا چاہئے ۔3