آئندہ سال اندور میں پرواسی بھارتیہ سمیلن:شیو راج

   

نئی دہلی؍ بھوپال ۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد کہا کہ 9 جنوری کو اندور میں پرواسی بھارتیہ سمیلن کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ انہوں نے بتایا کہ کچھ سرکاری اسکیموں میں اب ریاست میں ای روپی کا استعمال کیا جائے گا۔ نامہ نگاروں کے ساتھ معلومات شیئر کرتے ہوئے مسٹر چوہان نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم کو ریاست میں چل رہے عوامی بہبود کے کاموں کے بارے میں واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ وہ اس بار مدھیہ پردیش میں پرواسی بھارتیہ دیوس کا اہتمام کریں۔ اسی سلسلے میں پرواسی بھارتیہ سمیلن 9 جنوری کو اندور میں منعقد ہوگا۔ اس سے پہلے سات اور آٹھ کو انویسٹرس سمٹ کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اجین میں مہاکال مندر کے نئے کمپلیکس کے افتتاح کیلئے بھی رضامندی دی ہے ۔