25 فیصد کام مکمل ، سوپر اسپیشالیٹی سہولتیں ، تعلیمی بلاک اور ہاسٹل بھی شامل
حیدرآباد۔8۔اکٹوبر۔(سیاست نیوز) عثمانیہ دواخانہ کے تعمیری کام 25 فیصد تک مکمل کئے جاچکے ہیں اور 31ڈسمبر 2027 سے قبل دواخانہ کی تمام عمارتوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے ہدف کو مکمل کئے جانے کا عہدیدار دعویٰ کر رہے ہیں ۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے منصوبہ کے مطابق 2000 بستروں پر مشتمل عثمانیہ دواخانہ کی جملہ 9 عمارتیں ہوں گی جن میںمرکزی دواخانہ کی عمارت کے علاوہ تعلیمی بلاک‘ طلباء و طالبات کے لئے ہاسٹلس کے علاوہ دیگر بلاکس تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ دواخانہ کی مرکزی عمارت مجموعی طور پر 23لاکھ مربع فیٹ کے رقبہ پر ہوگی جبکہ مابقی عمارتیں 10لاکھ مربع فیٹ کے رقبہ پر ہوں گی۔22.7 ایکڑ پر تعمیر کی جانے والی ان عمارتوںمرکزی عمارت کا کام 25 فیصد مکمل ہوچکا ہے جبکہ 4عمارتوں میں سیلر اور گراؤنڈ فلور کے کام جاری ہیں۔نئے دواخانہ عثمانیہ میں حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے منصوبہ کے مطابق 29آپریشن تھیٹرس کے علاوہ 30 شعبہ جات اور 8 سوپر اسپیشالیٹی شعبہ شامل رہیں گے۔ 2000 بستروں پر مشتمل اس دواخانہ میں 500 بستروں پر مشتمل آئی سی یو تعمیر کئے جائیں گے ۔ نئے دواخانہ کے پراجکٹ میں 3 منزلہ زیر زمین پارکنگ تعمیر کی جا رہی ہے جہاں 3000 کاروں کی پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے منصوبہ کے مطابق دواخانہ کی نئی عمارت جو گوشہ محل میں تعمیر کی جار ہی ہے ان میں بیشتر تمام عمارتوں کے سیلر کے کام مکمل کئے جاچکے ہیں اور اب زین سے اوپر تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔نئے کیمپس میں ڈینٹل ‘ نرسنگ اور فزْتھراپی کالجس کے عمارتیں بھی شامل رہیں گی اور ان کورسس میں تعلیم و تربیت حاصل کرنے والے طلبہ کے لئے اعلیٰ معیاری سہولتوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔اس کیمپس میں 750 نشستوں پر مشتمل آڈیٹوریم کی تعمیر کے علاوہ فائر اسٹیشن ‘ برقی سب اسٹیشن ‘ پولیس آؤٹ پوسٹ کی تعمیر کے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تعمیراتی کاموں کو تیز ی کے ساتھ مکمل کرنے کے لئے ایجنسی نے مزدوروں کی تعداد کو 250 سے بڑھا کر 2000 کردیا ہے تاکہ ہدف کی تکمیل کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جاسکیں اور دواخانہ کے کاموں کو جلد مکمل کرتے ہوئے اسے محکمہ صحت کے حوالہ کیا جاسکے۔3/m/b