ٹی آر ایس کو فرقہ پرست سیاست پر بھروسہ نہیں، اپل میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح
حیدرآباد۔11۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی زیر قیادت حکومت نے کبھی بھی مذہب کے نام پر عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش نہیں کی ۔ ٹی آر ایس نے کبھی بھی فرقہ واریت اور ذات پار کے نام پر سیاست کرتے ہوئے عوام کو گمراہ نہیں کیا ۔ سیاسی مقصد براری کیلئے فرقہ وارانہ سیاست پر عمل کرنا ٹی آر ایس کا شیوہ نہیں ہے۔ کے ٹی آر آج اپل اسمبلی حلقہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کے سنگ بنیاد اور افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حیدرآباد میں پرامن ماحول برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ ترقی کیلئے امن ضروری ہے اور حکومت ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کی فلاح و بہبود کی خواہاں ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد میں پرامن ماحول اور حکومت کی جانب سے بہتر سہولتوں کے نتیجہ میں کئی بین الاقوامی اور قومی کمپنیاں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہوئی ہیں۔ حکومت کو سرمایہ کاری سے جو آمدنی حاصل ہورہی ہے وہ غریب عوام کی فلاح اور ریاست کی ترقی پر خرچ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کمپنیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی سرگرمیوں کو مغربی حیدرآباد تک محدود رکھنے کے بجائے مشرقی حیدرآباد کے علاقوں میں توسیع دیں تاکہ ان علاقوں میں ترقی ہوسکے۔ کے ٹی آر نے اپل تھیم پارک کا افتتاح کیا اور فلائی اوور کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے نالہ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت رامنتا پور میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا آغاز کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ آئندہ ماہ سے پنشن اسکیم میں توسیع کی جارہی ہے ۔ ایسے اہل افراد جنہیں ابھی تک پنشن جاری نہیں کیا گیا ، انہیں اپریل سے آسرا پنشن حاصل ہوگا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا اور 70 ہزار مکانات تعمیر کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اپل کے علاقہ میں کئی آئی ٹی کمپنیاں قائم ہوئی ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ 80 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کرتے ہوئے کے سی آر نے وعدہ کی تکمیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو کے سی آر کی بات پر بھروسہ ہے ، وہ روزگار کیلئے درخواست دیں گے ورنہ انہیں نریندر مودی کے دو کروڑ جائیدادوں کی اسکیم کے لئے درخواست دینا ہوگا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی بی سبھاش ریڈی ، رکن کونسل نوین کمار کے علاوہ میئر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی اور ڈپٹی میئر سری لتا موجود تھے۔ر