تلنگانہ میں حکومت کی تبدیلی کے بعد نئی کمیٹی کی تشکیل کے لیے انتخابات
حیدرآباد۔16فروری(سیاست نیوز) ریاست میں حکومت کی تبدیلی کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں اسٹینڈنگ کمیٹی کی تشکیل کے لئے انتخابات منعقد ہونے جا رہے ہیں اور اراکین کے انتخاب کے لئے جی ایچ ایم سی کارپوریٹرس کی جانب سے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ مجلس بلدیہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق 7 مارچ 2024 کو اسٹینڈنگ کمیٹی اراکین کے لئے رائے دہی منعقد ہوگی ۔ اسٹینڈنگ کمیٹی اراکین کے لئے مقابلہ کرنے والے امیدوار 20تا27 فروری کے دوران اپنے پرچہ نامزدگی داخل کرسکتے ہیں جبکہ 25 فروری کو اتوار کے سبب تعطیل ہوگی۔پرچہ نامزدگی کے ادخال کا وقت دن میں 11 بجے سے 3 بجے سہ پہر ہوگا۔28 فروری کو انتخابی عہدیداروں کی جانب سے پرچہ نامزدگیوں کی تنقیح کی جائے گی 2مارچ کو سہ پہر 3 بجے تک پرچہ نامزدگیوں سے دستبرداری کی سہولت حاصل رہے گی۔اسی دن شام کو اسٹینڈنگ کمیٹی کے لئے مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی قطعی فہرست جاری کردی جائے گی۔7 مارچ کو رائے دہی کی تکمیل کے بعد رائے شماری کا آغاز کیا جائے گا اور اسی دن نتائج جاری کردیئے جائیں گے۔اسٹینڈنگ کمیٹی کے لئے اب تک رائے دہی یا انتخابات کی ضرورت پیش نہیں آئی تھی بلکہ جی ایچ ایم سی میں مجلس اور بی آر ایس کے درمیان مفاہمت کے سبب دونوں سیاسی جماعتوں کے اراکین ہی بلا مقابلہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے لئے منتخب ہوتے آرہے تھے ۔ جی ایچ ایم سی میں 2تا3کروڑ تک کے ترقیاتی و تعمیری کاموں کے لئے اسٹینڈنگ کمیٹی کی منظوری لازمی ہے اسی لئے اسٹینڈنگ کمیٹی کے بغیر نئے کاموں کی منظوری نہیں ہوپا رہی ہے۔2کروڑ سے کم لاگت کے کاموں کی منظوری کا اختیار کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو حاصل ہے ۔ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ جی ایچ ایم سی اسٹینڈنگ کمیٹی انتخابات کے انعقاد سے قبل تک جی ایچ ایم سی کی کیا صورتحال ہوگی اس سے کوئی واقف نہیں ہے اسی لئے کوئی وثوق کے ساتھ یہ کہنے سے قاصر ہے کہ آیا جی ایچ ایم سی اسٹینڈنگ کمیٹی کے لئے رائے دہی ہوگی یا نہیں کیونکہ بی آر ایس سے تعلق رکھنے والے کئی کارپوریٹرس کی ریاست میں برسراقتدار کانگریس میں شمولیت کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں اور اگر ایسا ہوتا ہے تو برسراقتدار کانگریس ریاست کی سب سے بڑی بلدیہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی میں اپنے اراکین کو لازمی منتخب کروائے گی۔3