آئندہ چند دہوں میں رئیل اسٹیٹ شعبہ کی غیر معمولی ترقی: نیتی آیوگ

   

2040 تک رئیل اسٹیٹ کاروبار650 بلین ڈالر تک پہنچ جائیگا، حکومت کی مختلف رعایتیں

حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) نیتی آیوگ کے نائب صدر نشین راجیو کمار نے پیش قیاسی کی ہے کہ ہندوستان میں رئیل اسٹیٹ شعبہ آئندہ چند دہوں میں غیر معمولی ترقی کرے گا۔ ممبئی میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے راجیو کمار نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ مارکٹ توقع ہے کہ پانچ گنا ترقی کرے گی جو 2040 تک 650 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گی اور ملک کی جی ڈی پی شرح میں موجودہ 7 فیصد سے دوگنا اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف رئیل اسٹیٹ شعبہ کی ترقی کے بارے میں سنجیدہ ہے بلکہ اس سے متعلق تمام اُمور پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے کہ رئیل اسٹیٹ کا شعبہ ملک کی معیشت میں کس حد تک حصہ داری ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے عبوری بجٹ میں حکومت کے ارادوں کا اندازہ ہوتا ہے جس میں رئیل اسٹیٹ شعبہ کی ترقی اور اسے مزید فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ مرکزی حکومت نے جن مراعات کا اعلان کیا ہے اس کا رئیل اسٹیٹ شعبہ پر مثبت اثر پڑے گا اور ایسے افراد کو سہولت حاصل ہوگی جو اپنا دوسرا مکان چننے کی تیاری میں ہیں۔ راجیو کمار نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ شعبہ ملک کے جی ڈی پی شرح میں 7 فیصد کی حصہ داری ادا کررہا ہے اور توقع ہے کہ 2040 تک یہ دوگنا ہوجائے گا۔ رئیل اسٹیٹ مارکٹ فی الوقت 120 بلین ڈالر پر محیط ہے اور توقع ہے کہ 2040 تک یہ 650 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کیلئے ورک فورس میں موجودہ 55 ملین سے 66 ملین تک اضافہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گڈس اینڈ سرویسیس ٹیکس ( جی ایس ٹی ) اور RERA کے سلسلہ میں حکومت کی رعایتوں سے رئیل اسٹیٹ انڈسٹری کی مجموعی ترقی میں مدد ملے گی۔