ایشین ڈیولپمنٹ بینک سے پراجکٹ کی منظوری کے بعد رقومات کی تخصیص و اجرائی کے اقدامات
حیدرآباد۔16اپریل (سیاست نیوز) موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے کامو ںکا اندرون چند ماہ آغاز کردیا جائے گا۔ بتایا جاتاہے کہ ایشین ڈیولپمنٹ بینک کی جانب سے پراجکٹ کے لئے منظوری کے بعد رقومات کی تخصیص اور اجرائی کے سلسلہ میں اقدامات تیز کئے جاچکے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ایشین ڈیولپمنٹ بیک کی جانب سے اندرون 2ماہ پراجکٹ کے لئے منظورہ رقومات کی پہلی قسط تلنگانہ کو حاصل ہونے کا امکان ہے اور اس رقم کے حصول کے ساتھ ہی موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ پر عملی اقدامات کا آغاز کردیا جائے گا۔ دی موسی ریورفرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے ذرائع کے مطابق موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے دوسرے مرحلہ کی پراجکٹ رپورٹ کی تیاری کا مرحلہ جاری ہے اور آئندہ 6ماہ میں اس پراجکٹ رپورٹ کی تیاری کو مکمل کرلیا جائے گا۔ بتایاجاتاہے کہ موسیٰ ندی پراجکٹ کے 55کیلو میٹر پر محیط حصہ کو ترقی دینے کے لئے تیار کئے گئے منصوبہ کے جامع رپورٹ کی تیاری کے سلسلہ میں جاری اقدامات کو تیز کردیا گیا ہے اور ابتدائی تفصیلی رپورٹ جو کہ پہلے مرحلہ سے متعلق ہے اسے مکمل کرتے ہوئے ایشین ڈیولپمنٹ بینک کو روانہ کردیا گیا ہے ۔ ADB نے پہلے مرحلہ کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اس پراجکٹ کے لئے قرض جاری کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے لیکن پراجکٹ کی مخالفت کرنے والی تنظیموں اور اداروں کا دعویٰ ہے کہ ایشین ڈیولپمنٹ بینک مجموعی طور پر قرض کی فراہمی کے سلسلہ میں آمادگی ظاہر کئے ہوئے ہے رقومات کی اجرائی کے سلسلہ میں تاحال کوئی وضاحت نہیںکی گئی ہے۔موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ کے سلسلہ میں ابتدائی پہلے مرحلہ میں عثمان ساگر تا باپو گھاٹ کے درمیان موجود ندی کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کئے جا ئیں گے جو کہ 21کیلو میٹر پر محیط ہے۔ذرائع کے مطابق اس 21کیلو میٹر راہداری پر کئے جانے والے ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں تیار کئے گئے منصوبہ سے متعلق ایشین ڈیولپمنٹ بینک نے بعض وضاحتیں طلب کی ہیں جن میں گاندھی کے مجسمہ کی تنصیب‘ ہینڈلوم سنٹر‘ تفریحی مقامات کے علاوہ دیگر سے متعلق ہے۔ بتایاجاتاہے کہ پہلے مرحلہ کے پراجکٹ کے لئے ریاستی حکومت نے جو تخمینہ لگایا ہے وہ 6500 تا 7000 کروڑ ہے ۔ کارپوریشن کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ انہیں یقین ہے کہ آئندہ دو ماہ کے دوران اے ڈی بی کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری اور قرض کی اجرائی کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔m/b/3