آئندہ ہفتہ درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوگا

   

عوام کو احتیاط سے کام لینے کا مشورہ، بلاضرورت باہر نہ نکلنے جی ایچ ایم سی کی اپیل

حیدرآباد۔6مئی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں آئندہ ہفتہ کے دوران درجہ حرارت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اور درجہ حرارت 43 سے تجاوز کرجائے گا۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد کے مختلف علاقو ںمیں موسم گرما کے آخری ایام میں پینے کے پانی کی نئی سبیلیں نصب کی جا رہی ہیں اورعوام سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ بلا ضرورت شدید دھوپ کے اوقات میں گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں اور اس بات کی کوشش کریں اگر دھوپ میں نکلنے کی ضرورت پڑنے پر تمام تر احتیاطی اقدامات کریں۔جی ایچ ایم سی کے علاوہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے بازاروں اور راستوں پر غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے لسی ‘ چھانچ‘ شربت اور دیگر ٹھنڈی اشیاء کی تقسیم کے ذریعہ راہگیروں کو راحت پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتہ کے دورانشہر حیدرآباد کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اور اس اضافہ کے ساتھ الٹرا وائیلیٹ شعائوں میں بھی اضافہ ہونے کے خدشات ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے آئندہ دو یوم کے دوران موسم گرما کے سلسلہ میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے سلسلہ میں باضابطہ تجاویز جاری کی جائیں گی جس طرح سابق میں تفصیلی نوٹ جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ ہلکے رنگ کے کپڑوں کے استعمال کے علاوہ زیادہ سے زیادہ پینے کے پانی کے استعمال کے اور ٹھنڈے قدرتی مشروبات کے استعمال میں اضافہ کریں۔شہر میں گذشتہ دنوں ہونے والی بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے لیکن آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا اس بات کی توثیق کی جاچکی ہے اور کہا جا رہاہے کہ جاریہ ماہ کے آخری دو ہفتوں میں حیدرآباد کے درجہ حرارت کے 45ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرجانے کا خدشہ ہے اسی لئے عوام کو ابھی سے احتیاط سے کام لیتے ہوئے شدید دھوپ اور گرمی سے محفوظ رہنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔لو لگنے کے واقعات میں اضافہ کی صورت میں شہریوں کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اسی لئے انہیں لو لگنے سے محفوظ رہنے کے اقدامات کو یقینی بنانے اور زیادہ سے زیادہ پانی کے استعمال کے ذریعہ محفوظ رہنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بازاروں کے علاوہ رہائشی علاقو ںمیں عوام میں شعور بیداری مہم چلاتے ہوئے انہیں لو لگنے کی صورت میں پہنچائی جانے والی ابتدائی طبی امداد کے متعلق واقف کروایا جائے گا۔م