جنگاؤں کے امیدوار کو 86 واں رینک، ریاستی وزراء نے ایک لاکھ کا چیک حوالے کیا
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جولائی (سیاست نیوز) انڈین فاریسٹ سرویس (آئی ایف ایس) امتحانات میں ملک بھر میں 86 واں رینک حاصل کرنے والے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کے راجو کو آج ریاستی وزراء کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی۔ ریاستی وزراء سرینواس یادو ، اندرا کرن ریڈی اور محمد محمود علی کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں نے اس پروگرام میں شرکت کی ۔ فاریسٹ کالج اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے راجو کو تہنیت پیش کی گئی جو اسی کالج سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے پہلی مرتبہ امتحان میں حصہ لیتے ہوئے قومی سطح پر رینک حاصل کیا۔ فاریسٹ کالج کی جانب سے راجو کو ایک لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا گیا ۔ وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ جنگلات کے تحفظ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر فاریسٹ کالج نے اپنی شناخت بنائی ہے۔ انہوں نے کالج سے تعلق رکھنے والے دیگر طلبہ کی حوصلہ افزائی کا مشورہ دیا۔ جنگاؤں ضلع کے سرارم گاؤں کے ایک متوسط خاندان سے راجو کا تعلق ہے۔ انہوں نے غربت کے باوجود تعلیم پر توجہ دی اور مسابقتی امتحانات میں تلنگانہ کا نام روشن کیا۔ راجو نے اس موقع پر کہا کہ والدین کی سرپرستی اورحوصلہ افزائی نے انہیں کامیابی عطا کی ہے۔ انہوں نے فاریسٹ کالج کے حکام سے بھی اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری جنگلات شانتی کماری ، چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ لوکیش جیسوال اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ر