آبپاشی پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کی جانچ کا خیرمقدم

   

حیدرآباد۔/17ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے میڈی گڈہ پراجکٹ میں نقائص کی برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ پردیش کانگریس کے نائب صدر جی نرنجن نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام چاہتے ہیں کہ آبپاشی پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کی جانچ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ 21 اکٹوبر کو میڈی گڈہ بیاریج کے پلرس پانی میں غرق ہوگئے اور دو ماہ گذرنے کے باوجود کے سی آر کی سابق حکومت نے کوئی تحقیقات اور کارروائی نہیں کی برخلاف اس کے اس واقعہ کو دبانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ کے ٹی آر نے ایل اینڈ ٹی کمپنی کو کلین چٹ دینے کی کوشش کی ہے اور کمپنی نے اپنی ذمہ داری سے ہاتھ اٹھالیا ہے۔ نرنجن نے کہا کہ ناقص تعمیر کے ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف سابقہ حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو کانگریس کی شکایت کے باوجود چیف سکریٹری نے تحقیقات سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کرے گی۔