آبپاشی پراجکٹس پر اسمبلی میں حکومت کا ایک گھنٹہ طویل پاور پوائنٹ پریزینٹیشن

   

وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے سابق حکومت کو نشانہ بنایا، جگن کی تقریر کا ویڈیو کلپ پیش کیا گیا
حیدرآباد ۔ 12 ۔ فروری (سیاست نیوز) دریائے کرشنا پر تعمیر کردہ آبپاشی پراجکٹس کے بارے میں قانون ساز اسمبلی میں آج حکومت کی جانب سے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن پیش کیا گیا ۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ایوان میں حکومت نے کسی مسئلہ پر پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ اپوزیشن کو گھیرنے کی کوشش کی ہے ۔ ایوان میں حکومت کے بل کی منظوری کے بعد اسپیکر پرساد کمار نے چائے کے وقفہ کے لئے ایوان کو ملتوی کیا۔ ایک گھنٹہ بعد 11.20 بجے ایوان کی کارروائی کا آغاز ہوا اور وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے ایک گھنٹہ سے زائد تک دریائے کرشنا کے پانی کی تقسیم میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی اور سابق بی آر ایس حکومت کی آندھراپردیش حکومت سے ملی بھگت کا الزام عائد کرتے ہوئے اعداد و شمار پیش کئے ۔ ایوان میں پریزینٹیشن کے لئے دو بڑے اسکریننگ لگائے گئے تھے ۔ ایک اسکریننگ اپوزیشن تو دوسرا برسر اقتدار پارٹی کی جانب تھا ۔ اسمبلی اسٹاف اور حکومت کے عہدیداروں کے لئے موجود گیلریز اسکرین نصب کرنے کے باعث بند تھیں اور عہدیدار کارروائی کا مشاہدہ نہیں کرسکے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی نشست پر لیاپ ٹاپ رکھا گیا تھا جس پر وہ پریزینٹیشن کا مشاہدہ کر رہے تھے۔ ایک گھنٹہ طویل پریزینٹیشن کے دوران چیف منسٹر نے کئی مواقع پر اتم کمار ریڈی کی مدد کی اور انہیں مختلف پوائنٹس سے آگاہ کیا۔ اتم کمار ریڈی جب کبھی سابق بی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے اپوزیشن ارکان اعتراض کرتے جبکہ کانگریس کے ارکان شرم شرم کے نعرے لگا رہے تھے۔ واضح رہے کہ حکومت نے کانگریس ارکان اسمبلی کے لئے کل پرجا بھون میں پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کا اہتمام کیا گیا تھا تاکہ وہ آج اسمبلی میں سابق حکومت کو موثر انداز میں نشانہ بناسکیں۔ کئی مواقع پر سابق وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت کے دعوؤں کی نفی کی لیکن اسپیکر نے اظہار خیال کی اجازت نہیں دی۔ پریزینٹیشن کے آخر میں آندھراپردیش اسمبلی میں چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی تقریر کی ویڈیو کلپ پیش کی گئی جس میں انہوں نے آندھراپردیش کو پانی کی سربراہی پر اس وقت کے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی نہ صرف ستائش کی بلکہ اظہار تشکر کیا۔ 1