سندریا وگیاناکیندرم میں تیاریاں مکمل ، ملک کے تازہ حالات کا جائزہ لیا جائیگا
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : آل انڈیا اسٹوڈنٹس کانفرنس کی جانب سے ملک کی تازہ صورتحال پر 25 اور 26 فروری کو سندریا وگیاناکیندرم باغ لنگم پلی میں ’ بھارت بچاؤ ‘ عنوان سے دو روزہ کانفرنس کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ جس میں مختلف مسائل کا جائزہ لینے کے بعد مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ ڈاکٹر ایم ایف گوپی ناتھ ، جی انیا جے رمیش بابو نے بتایا کہ اس کانفرنس میں طلبہ ، طلبہ تنظیموں کے نمائندوں ، دانشور شرکت کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے موجودہ حالات میں آر ایس ایس اور بی جے پی کی حکمرانی ملک کے جمہوری اقدار کو نقصان پہونچا رہی ہے ۔ ملک کے تعلیمی نظام کو زعفرانی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے ۔ اظہار خیال کی آزادی کو سلب کردیا گیا ہے ۔ ملک میں نفرت کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ ایسی فرقہ پرست طاقتوں کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے لیے سیکولر ذہن طاقتوں کو متحد ہوجانے کی ضرورت ہے ۔ اگر بی جے پی مرکز پر تیسری مرتبہ کامیاب ہوجاتی ہے تو ملک کا دستور خطرے میں پڑ جائے گا ۔ بی جے پی دستور کو تبدیل کردے گی ۔ سیاسی مفاد پرستی کی خاطر فرقہ پرست طاقتیں کالجس اور یونیورسٹیز کے پر امن ماحول کو خراب کررہے ہیں ۔ دلتوں ، اقلیتوں اور دیگر پسماندہ طبقات کی حق تلفی کی جارہی ہے ۔ ملک میں عبادت گاہوں کو نقصان پہونچاتے ہوئے دہشت کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے ۔ ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھانے والے جہدکاروں کے خلاف ملک سے غداری کے علاوہ دیگر سنگین الزامات درج کئے جارہے ہیں ۔ اس دو روزہ کانفرنس میں ملک کے تمام قومی مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔۔ 2