15 جون کے بعد فیس ادا کرنا ہوگا ۔ UIDAI نے 10 سال پرانے آدھار کے لیے الرٹ جاری کیا
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ادھار کارڈ رکھنے والوں کیلئے اہم راحت کی خبر سامنے ائی ہے ۔ ہندوستانی منفرد شناختی اتھاریٹی (UIDAI) نے آدھار کی تفصیلات کو مفت آن لائن اپ ڈیٹ کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کرکے اسے 14 جون 2026 تک بڑھا دیا ہے ۔ اس فیصلے سے لاکھوں صارفین کو فائدہ کی توقع ہے ۔ حکام کے مطابق شہری اب مقررہ تاریخ تک بغیر کسی فیس کے اپنی معلومات جیسے نام ، پتہ اور دیگر دستاویزات کو آن لائن اپ ڈیٹ کرسکتے ہیں تاہم 15 جون 2026 سے اپ ڈیٹ کیلئے مقررہ فیس ادا کرنا لازمی ہوگا ۔ UIDAI نے واضح کیا کہ وہ افراد جنہوں نے گزشتہ 10 برسوں سے اپنے آدھار کارڈ کو اپ ڈیٹ نہیں کیا ۔ ان کیلئے اپ ڈیٹ ضروری ہے ۔ سبسیڈی ، پنشن اور دیگر سرکاری مالی امداد براہ راست بنک کھاتوں میں حاصل کرنے آدھار کا اپ ڈیٹ ہونا انتہائی ضروری ہے ۔ کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے بچنے KYC مکمل رکھنا لازمی ہے ۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جلد اپنے شناختی اور پتہ کے ثبوت اپ لوڈ کریں تاکہ مستقبل میں رکاوٹ یا اضافی فیس سے بچا جاسکے ۔ اپ ڈیٹ کا عمل UIDAI کی آفیشیل ویب سائٹ یا My Aadhaar ایپ کے ذریعہ آسانی سے مکمل کیا جاسکتا ہے ۔ آدھار کارڈ آج کے دور میں نہ صرف شناخت کا اہم ذریعہ ہے بلکہ مالی اور سماجی خدمات تک رسائی کی بنیاد بن چکا ہے ۔ اس لیے اس کی بروقت اپ ڈیٹ انتہائی ضروری ہے ۔۔ 2/k/b