آرمور میونسپل چیرپرسن کے خلاف تحریک عدم اعتماد

   

ll بی آر ایس کونسلرس کی کلکٹر سے ملاقات
ll چیرپرسن پنڈت ونیتا کی کانگریس سے ربط کی خبر بھی موضوع بحث

آرمور ۔ 12 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آرمور میونسپل چیرپرسن پنڈت ونیتا پون کے خلاف بی آر ایس کونسلرس کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نظام آباد راجیو گاندھی ہنمنتو کو پیش کردیا گیا۔ آرمور بی ار ایس میونسپل کونسلرس اور چیرپرسن پنڈت ونیتا کے شوہر پنڈت پون کے درمیان کچھ عرصے سے اختلافات پائے جارہے تھے۔ اس سے قبل اسوقت کے رکن اسمبلی آرمور جیون ریڈی نے بی آر ایس کونسلرس اور چیرپرسن کے شوہر پنڈت پون کو طلب کرتے ہوئے اختلافات کو دور کرنے کی کوشش کی تھی۔ لیکن جیسے ہی اسمبلی انتخابات ختم ہوئے اور سابق رکن اسمبلی جیون ریڈی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس اسمبلی انتخابات میں میونسیل چیرپرسن پنڈت ونیتا کے شوہر پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے انتخابات کے دوران بی آر ایس پارٹی کے خلاف کام کیا۔تین دن سے بی ار ایس کونسلرز حیدرآباد میں کیمپ۔ کیے ہوئے تھے۔اس طرح بی آر ایس کونسلرس نے ضلع کلکٹر سے ملاقات کرتے ہوئے عدم اعتماد تحریک پیش کیا ۔ بعد ازاں وارڈ نمبر 26 کونسلر رامو نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سابق ایم ایل اے جیون ریڈی کے احکامات پر ہم 26 کونسلرس نے چیرپرسن کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کیا۔ اسکی وجہ یہ ہے کہ چیرپرسن اور ا ن کے شوہر نے پارٹی کے خلاف کام کیا۔ اور یہ بات بھی ظاہر کی کہ 5 سال کے بعد پھر سے جیون ریڈی کو کامیاب بنا کر اسمبلی کو بھیجیں گے۔ آرمور میونسپل میں جملہ 36 وارڈ ہیں جسمیں 26 بی آر ایس کونسلرس نے تحریک عدم اعتماد پیش کیا۔ اور بتایا جارہا ہے کہ چیرپرسن پنڈت ونیتا پون کانگریس پارٹی قائدین سے ربط میں ہیں اور وہ کچھ بی آر ایس کونسلرس کے ہمراہ کانگریس پارٹی حلقہ انچارج سے ملاقات کی خبر بھی موضوع بحث ہے۔ دیکھنا ہے کہ آرمور میں چیرپرسن کی کرسی کس پارٹی کے حق میں جائے گی۔ اسکے علاوہ یہاں بی جے پی کے پانچ کونسلرس بھی موجود ہیں۔