آرین خان کیس کی ڈیل 18 کروڑ روپے میں ہوئی تھی

   

سمیر وانکھیڑے کے خلاف درج ایف آئی آر میں انکشاف
ممبئی :آرین خان کیس معاملے میں این سی بی کے سابق افسر سمیر وانکھیڑے مشکلات میں پھنستے نظر آ رہے ہیں۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) ممبئی زون کے سابق ڈائریکٹر کے خلاف سی بی آئی نے ایف آئی آر درج کی ہے جس میں کئی اہم باتوں کا انکشاف ہو رہا ہے۔ اس میں سمیر وانکھیڑے کے خلاف اداکارہ شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو نہیں پھنسانے کے بدلے 25 کروڑ کی رشوت مانگنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی آر کی کاپی کے مطابق سمیر وانکھیڑے کے اشارے پر گوساوی نے آرین خان معاملے میں 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس رقم کے بدلے بھروسہ دیا گیا کہ آرین خان کو ڈرگ معاملے میں نہیں پھنسایا جائے گا۔ ایف آئی آر کی کاپی کے مطابق سمیر وانکھیڑے نے ڈیل کے لیے پیسوں کے معاملے میں گوساوی کو پوری چھوٹ دے رکھی تھی۔ گوساوی نے 18 کروڑ میں معاہدہ کیا تھا۔ یہی نہیں، گوساوی نے 50 لاکھ روپے پیشگی کے طور پر لیے بھی تھے۔ایف آئی آر میں یہ بھی درج ہے کہ سمیر وانکھیڑے نے اپنے بیرون ملک سفر کے بارے میں درست جانکاری نہیں دی تھی۔ انھوں نے اپنی مہنگی گھڑی اور کپڑوں کے بارے میں بھی صحیح معلومات نہیں دی تھی۔ سمیر وانکھیڑے کے پاس آمدنی سے بہت زیادہ ملکیت کی بھی بات ایف آئی آر میں کہی گئی ہے۔واضح رہے کہ 12 مئی کو سی بی آئی نے سمیر وانکھیڑے کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ان کے احاطوں پر چھاپہ ماری کی تھی۔ سی بی آئی کی ٹیم نے وانکھیڑے کے ممبئی میںواقع گھر پر 13 گھنٹے سے زیادہ پوچھ تاچھ کی تھی۔ سی بی آئی افسران سمیر وانکھیڑے کے والد، ساس‘سسر اور بہن کے گھر بھی پوچھ تاچھ کے لیے پہنچے تھے۔