30 ماہ میں 2815 نئی بسوں کی خریدی، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔18 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے آر ٹی سی ملازمین سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے 11 فیصد فٹمنٹ پر یکم جولائی سے عمل آوری کا اعلان کیا ہے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آر ٹی سی کی کارکردگی پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں RTS-2021 کے تحت 11 فیصد فٹمنٹ کی ادائیگی کا اعلان کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آر ٹی سی کی مسلمہ یونینوں کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آر ٹی سی یونینوں کے انتخابات کا فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 30 ماہ کے دوران آر ٹی سی کے استحکام کیلئے کئی قدم اٹھائے ہیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ 2023-26 کے دوران حکومت نے 1078 کروڑ کے مصارف سے 2815 نئی بسوں کو خریدا ہے۔ نلگنڈہ اور پدا پلی میں دو نئے بس ڈپو کی منظوری دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ہاسپٹل تارناکہ کو سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کے طور پر ترقی دی گئی۔ گزشتہ 30 ماہ میں ہمدردی تقررات کے تحت 1137 تقررات کئے گئے ۔ ان میں 888 کنڈکٹرس ، 10 ڈرائیورس ، 43 ورکرس اور 196 کانسٹبلس شامل ہیں۔ خاندان کے سربراہ کی موت پر آر ٹی سی میں ہمدردی تقررات پر عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کی کارکردگی میں اضافہ ہوا جس کا سہرا ملازمین کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 490 خدمات سے برطرف کئے گئے ملازمین میں 244 کو دوبارہ واپس لیا گیا ہے۔ دیگر ملازمین کے مقدمات زیر دوران ہیں۔ خواتین کے گروپس کو 553 آر ٹی سی بسیں کرایہ پر الاٹ کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کے تحت ریاست بھر میں 1050 الیکٹرک بسیں چلائی جارہی ہیں۔ آر ٹی سی کے پاس جملہ 10173 بسیں اور 38128 ملازمین ہیں۔ روزانہ 61 لاکھ مسافرین کو 35 لاکھ کیلو میٹر کی مسافت پر پہنچایا جاتاہے۔ پونم پربھاکر نے ناگر کرنول اور پدا پلی بس ڈپو کے تعمیری کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ پونم پربھاکر نے خودکشی کرنے والے ملازم شنکر کے افراد خاندان کو ایک کروڑ روپئے کا چیک جلد حوالے کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے حادثاتی انشورنس کے تحت 11 کیسس کی یکسوئی کی گئی اور فی کس ایک کروڑ روپئے ادا کئے گئے۔1/k