آر ٹی سی پر چیف منسٹر کے سی آ ر کا اعلیٰ سطحی اجلاس

,

   

ٹیم ورک کی طرح کام کرتے ہوئے کارپوریشن کو نفع بخش بنانے کی ہدایت

حیدرآباد۔21 ۔ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج پرگتی بھون میں اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرتے ہوئے تلنگانہ آر ٹی سی کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ اجلاس میں آر ٹی سی مالی حالات، کورونا بحران اور لاک ڈاؤن کے علاوہ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے آر ٹی سی پر عائد ہونے والے مالی بوجھ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اعلیٰ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا سے قبل آر ٹی سی کی یومیہ آمدنی 13 کروڑ تھی جو بڑی حد تک گھٹ گئی ۔ ریاست میں عام حالات بحال ہونے کے بعد آر ٹی سی کی آمدنی میں بھی آہستہ آہستہ اضافہ ہورہا ہے اور اب آمدنی 10 کروڑ تک پہنچ چکی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آر ٹی سی کے صدرنشین اور مینجنگ ڈائرکٹر کا تقرر کیا گیا ہے ۔ سب مل کر ٹیم ورک کی طرح کام کریں۔ خسارہ میں چلنے والے ادارہ کو نفع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کریں۔ ضرورت کے مطابق اصلاحات کریں۔ دور دراز علاقوں تک آر ٹی سی بسوں کو چلانے کے لئے خصوصی حکمت عملی تیار کریں۔ عہدیداروں نے آر ٹی سی کی کارگو خدمات اور اس کے مثبت نتائج سے چیف منسٹر کو واقف کرایا جس پر کے سی آر نے عہدیداروں کی ستائش کی ۔ اس اجلاس میں ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر‘ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار‘ ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی‘ صدرنشین تلنگانہ آر ٹی سی باجی ریڈی گوردھن ریڈی، ارکان اسمبلی ایم جناردھن ریڈی ، سدی ریڈی ، مینجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی سجنار، چیف سکریٹری سومیش کمار ، چیف منسٹر کے پرنسپال سکریٹری نرسنگ راؤ، سکریٹری راج شیکھر ریڈی ، محکمہ ٹرانسپورٹ کے سکریٹری سنیل شرما ، محکمہ فینانس کے سکریٹری راما کرشنا راؤ کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ N