آر ٹی سی ہاسپٹل تارناکہ میں 5 روپئے میں کھانا اسکیم شروع کرنے کا مطالبہ

   

حیدرآباد ۔ 14 مئی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے گریٹر حیدرآباد میں 18 سرکاری دواخانوں میں زیرعلاج مریضوں کے تیمارداروں کیلئے 5 روپئے میں کھانا اسکیم شروع کرنے کے بعد سماجی جہدکاروں اور ٹریڈ یونین قائدین نے آر ٹی سی ہاسپٹل، تارناکہ میں ایسی ہی اسکیم شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت ریاستی حکومت، ہرے رام ہرے کرشنا مشن کے اشتراک سے مریضوں کے مددگار اشخاص کے لئے ہر روز تین وقت کھانا فراہم کرتی ہے اور اس کے لئے فی کھانا برائے نام صرف 5 روپئے چارج کئے جاتے ہیں۔ آر ٹی سی بورڈ کے سابق ڈائرکٹر اور سینئر ٹریڈ یونین لیڈر نے آر ٹی سی انتظامیہ پر زور دیا کہ آر ٹی سی تارناکہ ہاسپٹل میں زیرعلاج مریضوں کو ہرے رام ہرے کرشنا مشن کے تعاون و اشتراک سے مفت کھانا فراہم کیا جائے۔ اس اسکیم کا آغاز 12 مئی کو وزیرصحت ٹی ہریش راؤ اور وزیرداخلہ محمد محمود علی نے عثمانیہ دواخانہ میں کیا تھا۔ ایک اندازہ کے مطابق اس اسکیم کے تحت کوئی 20 ہزار سے زائد لوگ ہر روز کھانا حاصل کریں گے۔